27 دسمبر ، 2022
نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی ٹیسٹ میچ میں سرفراز احمد کی کارکردگی پر سابق کپتان شعیب ملک نے قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر شاہد آفریدی کو مشورہ دیا ہے۔
کراچی ٹیسٹ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے دن کے اختتام پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 317 رنز بنالیے۔
4 سال بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپسی کرنے والے سرفراز احمد 86 رنز بنا کر اعجاز پٹیل کا شکار ہوگئے جب کہ اس وقت وکٹ پر بابر اعظم 161 اور آغا سلمان 3 رنز بنا کر موجود ہیں۔
سرفراز اور بابر کی شاندار بیٹنگ پر سابق کپتان شعیب ملک نے ٹوئٹ کرتے ہوئے چیف سلیکٹر شاہد آفریدی کے سرفراز کو ٹیم میں شامل کرنے کے فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے انہیں مشورہ بھی دے دیا۔
انہوں نے لکھا کہ ' شاہد آفریدی کا ٹیسٹ ٹیم میں سرفراز کو شامل کرنے کا فیصلہ اچھا تھا، میرا مشورہ ہے کہ وائٹ بال کرکٹ ورلڈکپ قریب ہے اس لیے سرفراز کو ون ڈے ٹیم میں بھی شامل کیا جائے، وہ مڈل اوورز میں کافی فائدہ مند ثابت ہوں گے'۔
اس کے علاوہ شعیب نے شاندار سنچری اسکور کرنے پر بابر کی بھی تعریف کی۔
واضح رہے کہ سرفراز احمد نے نیوزی لینڈ کیخلاف کراچی میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں 86 رنز کی اننگز کھیلی، یہ ان کا جنوری 2019 کے بعد پہلا ٹیسٹ میچ تھا، تین سال، 11 ماہ اور 15 دن کے انتظار کے بعد سرفراز احمد نے 50 ٹیسٹ میچز کا سنگ میل بھی عبور کرلیا۔