20 فروری ، 2012
اسلام آباد … وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں ہارنے کے بعد اب کوئی دھاندلی کا الزام نہیں لگا سکے گا اور اب بلوچوں کو بھی ان کا حق ملنا چاہئے۔ وزیراعظم گیلانی سینیٹ میں 20 ویں ترمیم منظور ہونے کے بعد خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ آئین کو بہتر بنانے سے ادارے بہتر ہوں گے، اب آگے بڑھا جائے گا پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور اتحادیوں نے اپنی حکومت کے 4 سال مکمل کرلئے ہیں اور آئندہ انتخابات شفاف اور غیر جانبدار ہوں گے، جنہیں جیتنے والوں کو لوگوں کا حقیقی مینڈیٹ حاصل ہو گا، کیونکہ اب جعلی ووٹ نہیں ڈالے جا سکیں گے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ 73کا آئین ملک کی سیکیورٹی کا ضامن ہے اور 20ویں آئینی ترمیم منظور کرنی والے سینیٹرز کا نام تاریخ میں لکھا جائے گا۔