مردوں کی وہ عام غلطی جو گنج پن کا شکار بناسکتی ہے

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

مردوں میں گنج پن کا امکان خواتین کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے اور اب اس کی ایک بڑی وجہ سامنے آئی ہے۔

اگر آپ کو میٹھے مشروبات جیسے سوڈا پینا پسند ہے تو یہ عادت بالوں سے محروم کرکے گنج پن کا شکار بناسکتی ہے۔

یہ بات چین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

Tsinghua یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ زیادہ مقدار میں میٹھے مشروبات پینے والے مردوں میں گنج پن کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔

اس تحقیق میں 18 سے 45 سال کی عمر کے ایک ہزار سے زیادہ مردوں کے ڈیٹا کو دیکھ کر بالوں سے محرومی اور طرز زندگی کی عادات کا موازنہ کیا گیا۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ روزانہ ایک سوڈا، جوس، انرجی ڈرنک یا کوئی بھی میٹھا مشروب پینے والے افراد میں بالوں سے محرومی کا خطرہ 30 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

اسی طرح روزانہ ایک سے زیادہ مشروبات پینے والے افراد میں گنج پن کا خطرہ 42 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

مگر محققین نے کہا کہ صرف میٹھے مشروبات ہی بالوں سے محروم نہیں کرتے بلکہ مجموعی صحت، تناؤ، ذہنی صحت اور غذا بھی اس حوالے سے کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ بالوں سے محروم ہونے والے افراد تلی ہوئی غذا کا زیادہ استعمال کرتے تھے جبکہ سبزیوں سے دور رہتے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ انزائٹی یا کسی بیماری کی تاریخ سے بھی گنج پن کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میٹھے مشروبات کے استعمال اور گنج پن کے درمیان تعلق کی مکمل تصدیق کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

مگر انہوں نے مشورہ دیا کہ ان میٹھے مشروبات کا کم از کم استعمال کرنا صحت کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے۔

اس سے قبل بھی تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ سوڈا اور دیگر میٹھے مشروبات کا زیادہ استعمال جگر کے امراض، ذیابیطس اور دیگر متعدد امراض کا خطرہ بڑھاتا ہے۔

اس نئی تحقیق کے نتائج جرنل نیوٹریشن میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :