Time 08 جنوری ، 2023
پاکستان

گلگت: منفی7 ڈگری میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کا دھرنا چوتھے روز بھی جاری

فوٹو: ٹوئٹر
فوٹو: ٹوئٹر

گلگت میں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کے قریب سخت سردی میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کا مطالبات کی منظوری کے لیے احتجاجی دھرنا چوتھے روز بھی جاری ہے۔

منفی 7 ڈگری کی خون جمادینے والی سردی میں لیڈی ہیلتھ ورکرز بچوں کے ہمراہ ریڈزون جانے والے راستے میں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کے قریب دھرنا دیے بیٹھی ہیں۔ 

لیڈی ہیلتھ ورکرز کی خالی اسامیوں پر سلیکٹ ہونے والی خواتین جوائننگ نہ ملنےکے خلاف دھرنے میں بیٹھی ہیں، دھرنے میں گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والی خواتین شریک ہیں۔

خیال رہےکہ 2 ماہ قبل لیڈی ہیلتھ ورکرز کی خالی اسامیوں پر کامیاب امیدواروں کی فہرست جاری کی گئی تھی، وزیراعلیٰ نے بے قاعدگیوں کی شکایات پر لیڈی ہیلتھ ورکرز کی تقرریاں روک دی تھیں۔

گزشتہ رات دھرنے میں موجود ایک لیڈی ہیلتھ ورکر شدید سردی کے باعث اچانک بے ہوش ہوگئی تھی، جسے ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے ابتدائی طبی امداد دیتے ہوئے اسپتال منتقل کیا۔

دھرنے میں شریک زیادہ تر خواتین اور چھوٹے بچے بیمار ہوگئے ہیں، خواتین کا کہنا ہےکہ جب تک ہمارے مطالبات نہیں مانے جاتے ہم دھرنے میں موجود رہیں گی۔

ان کا کہنا ہےکہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان  جوائننگ لینےکا  آرڈر ایشو کریں، ہم اپنا احتجاج ختم کرکے پرامن طور پر منتشر ہوجائیں گے، دوسری صورت میں ضرورت پڑنے پر 600 لیڈی ہیلتھ ورکرز کو مختلف اضلاع سےگلگت پہنچنے کی کال دیں گے۔

مزید خبریں :