پاکستان
Time 12 جنوری ، 2023

آج ن لیگ کو صحیح طور پر سرپرائز ملا، اعتماد کا ووٹ لینے کے بعد پرویز الٰہی کا بیان

انہوں نے شریف آدمی گورنر کی عزت خاک میں ملا دی، ان کی اپنی تو عزت ہی نہیں، دلیر بنو شکست تسلیم کرو: وزیر اعلیٰ پنجاب — فوٹو: فائل
 انہوں نے شریف آدمی گورنر کی عزت خاک میں ملا دی، ان کی اپنی تو عزت ہی نہیں، دلیر بنو شکست تسلیم کرو: وزیر اعلیٰ پنجاب — فوٹو: فائل

وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری  پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ ن لیگ والوں نے ایک ماہ سے شور کیا ہوا تھا، یہ بارات لے کر آئے تھے ان کی ڈولی اور جھولی خالی ہو گئی۔

اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں کامیابی کے بعد پنجاب اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے پرویز الہٰی نے کہا کہ اِنہوں نے شریف آدمی گورنر کی عزت خاک میں ملا دی،  ان کی اپنی تو عزت ہی نہیں، دلیر بنو شکست تسلیم کرو۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ لیگل ٹیم نے محنت کی اور عدالت میں ثابت کیا کہ گورنر کا آرڈر غیر قانونی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ن لیگ کو صحیح طور پر سرپرائز ملا ہے ان کو اندازہ نہیں تھا آج کیا ہونا ہے، اللہ نے کرم کیا اور 186 ووٹ سامنے آئے ہیں۔

پرویزالہٰی نے کہا کہ عمران خان کے ویژن کے ساتھ ہیں، ہم نے چوروں کو گھر کے اندر تک محدود کرنا ہے۔

پرویزالہٰی کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف اور ق لیگ کے لوگوں، مجلس وحدت المسلمین اور بلال وڑائچ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ چوہدری پرویز الٰہی پنجاب اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے، انہوں نے 186ووٹ حاصل کیے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کل پرویز الہٰی پر اعتماد کے ووٹ پر رائے شماری کیلئے پنجاب اسمبلی میں راتوں رات کارروائی شروع کی۔

پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں کھانے کا وقفہ کیا گیا جس کے بعد 11 جنوری کا اجلاس ختم کر کے اجلاس آج  12 بج کر 5 منٹ تک ملتوی کیا گیا تھا، تاہم کچھ دیر وقفے کے بعد اجلاس دوبارہ شروع ہوا۔

اجلاس دوبارہ شروع ہونے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی پر اعتماد کے ووٹ کیلئے قرارداد پیش کی گئی ،راجہ بشارت اور میاں اسلم اقبال نے اعتماد کے ووٹ کی قرارداد پیش کی جس کے بعد ووٹنگ کا عمل جاری رہا، ووٹنگ کی گنتی کے مطابق پرویز الٰہی نے 186 ووٹ کا گولڈن فیگر حاصل کرلیا۔

مزید خبریں :