21 فروری ، 2012
اسلام آباد …اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمیشن نے میموگیٹ کیس میں سابق سفیر حسین حقانی کے وکیل زاہد بخاری اور ان کے دو معاون وکلاء کو ویزے جاری کر دیئے ہیں۔ میمو گیٹ اسکینڈل کے مرکزی کردار منصور اعجاز کے بیان پر جرح کے لیے زاہدبخاری نے وڈیو لنک پر انحصار کی بجائے خود لندن جانے کا فیصلہ کیا تھا ، میموکمیشن نے بائیس فروری کو لندن سے ویڈیولنک کے ذریعے منصور اعجاز کا بیان رکارڈ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، زاہد بخاری نے لندن جانے کے لئے ویزے کے حصول کی درخواست دے رکھی تھی۔ زاہد بخاری نے جیو نیوز کو بتایا کہ انہیں آج ہائی کمیشن آکر ویزا حاصل کرنے کا پیغام ملا ہے، حسین حقانی کے وکیل کا کہنا ہے کہ ویزا ملنے میں کافی تاخیر ہو گئی ہے۔ اب لندن روانگی کے لیے سفری انتظام بھی کرنا ہے،زاہد بخاری نے بتایاکہ انکی لیگل ٹیم میں شامل دو معاونین کو بھی ویزے جاری کیے گئے ہیں جو ان کے ساتھ برطانیہ جائیں گے ، دیگر دو معاونین اسلام آباد میں میمو کمیشن کے اجلاس میں شرکت کریں گے،میمو کمیشن کل دن دو بجے کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے، منصوراعجاز کا وڈیولنک کے ذریعے شہادت قلم بند کرے گا۔