20 جنوری ، 2023
واٹس ایپ کی جانب سے بہت جلد آڈیو اسٹیٹس لگانے کی سہولت صارفین کو فراہم کی جائے گی۔
WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق میٹا کی زیرملکیت کمپنی کی جانب سے آڈیو اسٹیٹس کا فیچر بیٹا (beta ) ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے۔
اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے بیٹا ورژن میں وائس اسٹیٹس نامی فیچر دیا گیا ہے۔
اس فیچر سے صارفین ٹیکسٹ کی بجائے وائس نوٹس کو ریکارڈ کرکے اسٹیٹس کے طور پر پوسٹ کرسکیں گے۔
وائس اسٹیٹس کے لیے 30 سیکنڈ یا اس سے کم وقت کی آڈیو کو ریکارڈ کرنا ہوگا۔
اگر آپ کو اپنی آواز پسند نہ آئے تو اس اسٹیٹس کو پوسٹ کرنے کی بجائے ڈس کارڈ کرکے دوسرا وائس اسٹیٹس ریکارڈ کرنا ممکن ہوگا۔
یہ وائس اسٹیٹس پوسٹ ہونے کے 24 گھنٹے بعد خودبخود غائب ہوجائیں گے یا صارف خود بھی کسی وقت انہیں ڈیلیٹ کرسکے گا۔
جیسا اوپر ذکر کیا جاچکا ہے کہ یہ فیچر فی الحال ایپ کے بیٹا ورژن میں دستیاب ہے تو عام صارفین تک اسے پہنچنے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔
اس سے قبل اسٹیٹس کو رپورٹ کرنے کا فیچر بھی بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا تھا۔
رپورٹ کرنے کے بعد اگر وہ مواد واٹس ایپ کے قوانین کے خلاف ہوگا تو ہوسکتا ہے صارف اگلا اسٹیٹس نا لگا سکے کیونکہ پھر کمپنی اس کے خلاف کارروائی کرے گی۔