20 جنوری ، 2023
سردرد ایک بہت عام مسئلہ ہے خاص طور پر آدھے سر کا درد یا مائیگرین۔
سردرد کے نتیجے میں روزمرہ کی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوتی ہیں، مائیگرین کا تو ابھی کوئی علاج بھی موجود نہیں۔
یہی وجہ ہے کہ آدھے سر کے درد کے لیے غذا اور طرز زندگی کی عادات بہت اہم ہیں۔
ہوسکتا ہے کہ آپ یہ جان کر حیران ہو مگر کچھ مشروبات سے بھی آپ مائیگرین یا عام سردرد کی شدت کو کم کرسکتے ہیں۔
ایسے ہی چند مشروبات کے بارے میں آپ نیچے جان سکتے ہیں۔
سبز چائے اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور مشروب ہے اور اس کو پینے سے سردرد سے نجات میں مدد مل سکتی ہے، البتہ مائیگرین کے تحفظ میں یہ کس حد تک مؤثر مشروب ہے، اس پر تحقیق کی ضرورت ہے۔
پودینے کی چائے سے تناؤ کے باعث ہونے والے سردرد سے نجات ممکن ہے۔
اس چائے کی مہک سے ہی درد کی شدت میں کمی آجاتی ہے بالخصوص اگر ایسا درد ہو جس سے سوئیاں چبھنے کا احساس ہورہا ہو۔
ادرک کی چائے پینے سے مائیگرین کی شدت میں کمی لانے سے مدد مل سکتی ہے جبکہ متلی اور قے جیسے مسائل سے بھی تحفظ ملتا ہے۔
آدھے سر کے درد کے شکار افراد کو اکثر قے اور متلی کی شکایت بھی ہوتی ہے۔
دن بھر میں مناسب مقدار میں پانی پینے سے بھی سردرد اور مائیگرین سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔
سردرد یا مائیگرین سے متاثر ہونے کی ایک بڑی وجہ جسم میں پانی کی کمی ہوتی ہے اور پانی پینے سے اسے بچنا آسان ہوجاتا ہے۔
اگر پانی پینا نہیں چاہتے تو لیموں یا ایسے ہی پھلوں کو کاٹ کر پانی میں شامل کرلیں۔
اس سے پانی کا ذائقہ بہتر ہوجائے گا جبکہ غذائی اعتبار سے بھی وہ جسم کے لیے زیادہ مفید بن جائے گا۔
آدھا کپ انگور کے جوس سے جسم کو میگنیشم نامی غذائی جز ملتا ہے جو مائیگرین کی شدت میں کمی لانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
جسم میں میگنیشم کی کمی سے مائیگرین کا سامنا اکثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔
اورنج جوس کو پینے سے بھی سردرد اور مائیگرین سے نجات پانے میں مدد مل سکتی ہے کیونکہ مالٹوں میں میگنیشم کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے۔
اورنج جوس کے آدھے کپ میں 11 ملی گرام میگنیشم ہوتا ہے، البتہ اس میں چینی شامل کرنے سے گریز کریں۔
اگر کھٹے پھلوں کو کھانے سے مائیگرین کا سامنا ہوتا ہے تو اس جوس کے استعمال سے گریز کریں۔
گریپ فروٹ میں بھی میگنیشم کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے تو اس کا جوس پینا بھی سردرد یا مائیگرین کی روک تھام کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے۔
گریپ فروٹ میں میگنیشم کے ساتھ ساتھ دیگر غذائی اجزا بھی ہوتے ہیں جو جسم کے لیے مفید ہوتے ہیں، البتہ جوس میں چینی کو شامل کرنے سے گریز کریں اور ترش پھل کے بارے میں جو اوپر بتایا گیا ہے، اس کا اطلاق گریپ فروٹ جوس پر بھی ہوتا ہے۔