دنیا
Time 31 جنوری ، 2023

خاندانی تنازعات سے تنگ خاتون نے موت کے فرضی ڈرامے کیلئے ہم شکل کو قتل کردیا

یہ واقعہ جرمنی میں سامنے آیا / سوشل میڈیا فوٹو
یہ واقعہ جرمنی میں سامنے آیا / سوشل میڈیا فوٹو

یورپی ملک جرمنی میں خاندانی تنازعات سے تنگ آکر ایک خاتون نے اپنی ہم شکل کو قتل کرکے موت کا فرضی ڈرامہ کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پراسیکیوٹرز نے بتایا کہ 23 سالہ ملزمہ Sharaban K نے سوشل میڈیا کی مدد سے اپنی ہم شکل کو تلاش کیا اور پھر اسے قتل کردیا۔

پراسیکیوٹرز نے بتایا کہ ملزمہ نے جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس بنا کر خود سے ملتی جلتی ایک خاتون کو تلاش کیا اور پھر اس سے اگست 2022 میں ملاقات کی۔

جنوبی جرمنی کے شہر Ingolstadt میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں 16 اگست 2022 کو ایک خاتون کی خون میں لت پت لاش ملی تھی جس پر خنجر کے 50 وار کیے گئے تھے۔

ابتدا میں پولیس نے لاش کی شناخت Sharaban K کے نام سے کی تھی اور خاتون کے والدین کا بھی ماننا تھا کہ یہ ان کی بیٹی ہے۔

خیال رہے کہ جرمن پولیس کی جانب سے ملزمہ اور مقتولہ کے پورے نام ظاہر نہیں کیے گئے۔

مگر پوسٹ مارٹم کے بعد پولیس نے شناخت کیا کہ قتل ہونے والی خاتون 23 سالہ خدیجہ او (Khadidja O) ہے جو الجزائر نژاد بلاگر تھی۔

پولیس کے مطابق خدیجہ اور Sharaban K دیکھنے میں ایک جیسی تھیں اور اس وجہ سے جرمن میڈیا نے اسے 'ہم شکل قتل' قرار دیا۔

اس قتل کی وجہ پر میڈیا کی جانب سے کافی قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں مگر 30 جنوری کو پہلی بار حکام نے اس پر بات کی۔

پراسیکیوٹر آفس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ تحقیقات کے بعد معلوم ہوا کہ ملزمہ نے خاندانی تنازعات سے بچنے کے لیے اپنی موت کا ڈرامہ کیا۔

بیان کے مطابق قتل کے دن ملزمہ اپنے ایک دوست کے ساتھ مقتولہ کو گاڑی میں بٹھا کر ایک جنگل میں لے گئی اور وہاں اسے خنجر کے وار کرکے قتل کردیا۔

دونوں ملزمان کی گرفتاری کے وارنٹ 26 اور 27 جنوری کو جاری کیے گئے اور اب پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ یہ انتہائی غیرمعمولی کیس ہے، اس طرح کا کیس روزانہ سامنے نہیں آتا، جس دن ہمیں لاش ملی تھی ہم نے تصور بھی نہیں کیا تھا کہ حقیقت کیا ہوگی۔

جرم ثابت ہونے پر دونوں ملزمان کو عمر قید کی سزا سنائے جانے کا امکان ہے۔

مزید خبریں :