پاکستان
Time 02 فروری ، 2023

باس اور چپڑاسی کی قانون کا سامنا کرنے سے ہوا نکلی ہوئی ہے: رانا ثنااللہ

قانونی کارروائی ہورہی ہے، 15 کلوہیروئن نہیں ڈالی اور اس سے حکومت کاکوئی تعلق نہیں: وزیر داخلہ کا ٹوئٹر پر بیان/ فائل فوٹو
قانونی کارروائی ہورہی ہے، 15 کلوہیروئن نہیں ڈالی اور اس سے حکومت کاکوئی تعلق نہیں: وزیر داخلہ کا ٹوئٹر پر بیان/ فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثناااللہ نے شیخ رشید کی گرفتاری پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ باس اور چپڑاسی دونوں کی قانون کا سامنا کرنے سے ہوا نکلی ہوئی ہے۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں رانا ثنااللہ نے کہا کہ قانونی کارروائی ہورہی ہے، 15 کلوہیروئن نہیں ڈالی اور اس سے حکومت کاکوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی مسخرہ سیاسی رنگ دینے کی کوشش کررہا ہے، صرف قانون پر عمل ہوا ہے، پسلیاں تو نہیں تڑوائیں؟ میڈیا کے سامنے پولیس والوں کو دھکے دینے والا مارپیٹ کرنے کا جھوٹ بول رہا ہے۔

رانا ثنا اللہ نے لکھا کہ قانون کے نیچے لاؤں گا کے  ڈائیلاگ بولنے والا قانون کے نیچے آنے سے کیوں ڈرتا ہے؟ قانون کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کرنا پولیس کا قانونی فرض ہے، طیبہ گل کی طرح اغوا کیا ہے نہ بشیر میمن کی طرح واش روم میں بند کیا ہے، قتل اور دہشت گرد تنظیموں سے رابطے ہونے کا الزام سنگین الزام لگانے والے قانون کا سامنا کریں، خلاف قانون کام نہیں کیا تو عدالت کو بتادیں۔

وزیر داخلہ نے اپنی ٹوئٹ میں سابق وزیر اعظم عمران خان کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ عمران نے سیاسی مخالفین، سچ بولنے والے صحافیوں کو جیلوں میں ڈالا، جھوٹے مقدمے بنوائے، گزشتہ 4 سال کےسیاہ دور میں صحافیوں کو گولیاں ماری گئیں، پسلیاں توڑی گئیں، باس اور چپڑاسی دونوں کی قانون کا سامنا کرنے سے ہوا نکلی ہوئی ہے، یہ ہر اس ادارےکو گالیاں دیتے ہیں جو ان سے جواب مانگے۔ 

مزید خبریں :