21 فروری ، 2012
مظفرآباد…آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کے بعد برفانی شیروں نے خوراک کی تلاش میں زیریں علاقوں کا رخ کر لیا ہے ، ماحولیات کے لئے کام کرنیوالی صحافتی تنظیم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جنگلی حیات کا تحفظ یقینی بنائیں۔نجی تنظیم دی نیچر بیٹ کے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک ماہ کے دوران آزاد کشمیر کے برفانی علاقوں میں دو چیتوں کو مار دیا۔مارے گئے چیتوں میں ایک حاملہ مادہ بھی تھی جس کی موت کے ساتھ اس کے دو بچے بھی دنیا میں آنے سے قبل ہی مار دیئے گئے۔ عباس پور میں چیتے کے حملے میں چار افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔ گذشتہ رات وادی نیلم میں دواریاں کے مقام پربھی چیتے کی کامن لوپرڈ اقسام کے شیر دیکھے گئے ہیں۔ماہرین کے مطابق جنگلوں میں شکاریوں اور شکار کی بہتات کی وجہ سے چیتوں کی خوراک ختم ہوتی جا رہی ہے یہی وجہ ہے کہ شیر خوراک کی تلاش میں آبادیوں کے قریب آکر کتے اور بکریاں وغیرہ ہلاک کر دیتے ہیں۔ جنگلی حیات کے لئے کام کرنے والے کارکنوں نے حکومت آزادکشمیر اور دنیا بھر سے اپیل کہ ہے کہ ان جانورں کی نسلوں کا تحفظ کرنے اور انہیں خوارک فراہم کرنے کا انتظام کیا جائے۔