05 فروری ، 2023
اوپن اے آئی نامی کمپنی کے تیار کردہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی سے لیس چیٹ جی پی ٹی (چیٹ بوٹ) نے گزشتہ چند ماہ کے دوران دنیا بھر میں مقبولیت کے ریکارڈز بنا دیے ہیں۔
اس چیٹ بوٹ سے آپ بہترین آملیٹ بنانے کا طریقہ بھی جان سکتے ہیں جبکہ یونیورسٹی یا دفتری اسائنمنٹ مکمل کرنے کے لیے بھی مدد حاصل کرسکتے ہیں۔
چیٹ جی پی ٹی کا اب پیڈ ورژن بھی متعارف کرایا گیا ہے مگر عام افراد اسے مفت بھی استعمال کرسکتے ہیں۔
اگر آپ اس چیٹ بوٹ کو استعمال کرنے کے خواہشمند ہیں تو اینڈرائیڈ اور آئی فونز پر اسے مفت استعمال کرنے کا طریقہ جان لیں۔
آپ اینڈرائیڈ اسمارٹ فون یا آئی فون پر چیٹ جی پی ٹی کو مفت استعمال کرسکتے ہیں۔
بس اس کے لیے فون میں کسی ویب براؤزر جیسے گوگل کروم پر اوپن اے آئی ویب سائٹ پر جانا ہوگا۔
اس ویب سائٹ پر سب سے اوپر موجود ٹرائی چیٹ جی پی ٹی بینر پر کلک کریں اور وہاں اپنے ای میل ایڈریس اور فون نمبر سے ایک نیا اکاؤنٹ بنائیں۔
فون کے ویب براؤزر پر chat.openai.com یو آر ایل سے آپ براہ راست بھی چیٹ جی پی ٹی تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں، مگر اسے استعمال کرنے کے لیے اکاؤنٹ بنانا ضروری ہے۔
جی میل یا مائیکرو سافٹ ای میل اکاؤنٹ سے چیٹ جی پی ٹی پر اکاؤنٹ بنایا جاسکتا ہے۔
اس کے بعد آپ چیٹ باکس میں چیٹ جی پی ٹی سے اپنا کوئی بھی سوال پوچھ سکتے ہیں اور وہ اس کے مطابق جواب دے گا۔
ابھی تک اوپن اے آئی نے آئی فونز یا اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے چیٹ جی پی ٹی کی آفیشل ایپ تیار نہیں کی اور فی الحال اسے صرف ویب براؤزر پر ہی استعمال کیا جاسکتا ہے۔