09 فروری ، 2023
گوگل نے اپنی مقبول سروس میپس کے لیے چند نئے فیچرز متعارف کرائے ہیں۔
فرانس کے شہر پیرس میں گوگل کے ایک ایونٹ کے دوران ان فیچرز کا اعلان کیا گیا۔
ان فیچرز میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر زیادہ زور دیا گیا ہے۔
گوگل میپس میں ایک نیا فیچر Immersive ویو کا ہے جو اسٹریٹ ویو کے استعمال کا تجربہ بدل دے گا۔
اس فیچر کے لیے گوگل کی جانب سے اسٹریٹ ویو اور فضائی تصاویر کو باہم ملا کر کسی جگہ کے تھری ڈی ماڈلز کو تیار کیا جائے گا، جس سے صارفین کو کسی مقام کے بارے میں زیادہ بہتر طریقے سے جاننے کا موقع ملے گا۔
یہ فیچر ابتدائی طور پر لندن، لاس اینجلس، نیویارک، سان فرانسسکو اور ٹوکیو کے صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے جبکہ دنیا کے دیگر مقامات پر یہ آنے والے مہینوں میں دستیاب ہوگا۔
گوگل میپس کا ایک اور نیا فیچر Glanceable ڈائریکشن کا ہے جس سے لاک اسکرین یا روٹ اوور ویو پر کلک کرنے سے پہلے آپ اپنی حرکت دیکھ سکیں گے۔
یہ فیچر اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے آنے والے مہینوں میں دستیاب ہوگا۔
اینڈرائیڈ ڈیوائس کی لاک اسکرین پر یہ فیچر سسٹم نوٹیفکیشنز کے ذریعے نظر آئے گا جبکہ راستہ بدلنے پر میپس کی جانب سے روٹ کو خودکار طور پر اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔
گوگل کی جانب سے لائیو ویو فیچرز کو بھی دنیا کے مختلف حصوں میں توسیع دی جا رہی ہے۔
یہ فیچر نومبر 2022 میں لندن، نیویارک، پیرس، سان فرانسسکو اور ٹوکیو میں متعارف کرایا گیا تھا۔
اس فیچر سے صارفین اگیومینٹڈ رئیلٹی (اے آر) ٹیکنالوجی کو استعمال کرکے اہم شہروں کے بنیادی مقامات کے بارے میں زیادہ بہتر طریقے سے جان سکیں گے۔
اس فیچر کے لیے میپس سرچ بار میں نیو کیمرا آئیکون پر کلک کرنا ہوگا جس کے بعد متعدد اے آر ڈاٹس (dots) اسکرین پر نظر آئیں گے۔
اس فیچر میں شہر کے اہم مقامات، دکانوں اور اے ٹی ایم وغیرہ کو ہائی لائٹ کیا جائے گا۔
اسمارٹ فون کیمرے کو اپنے اردگرد گھمانے پر یہ ڈاٹس بتائیں گے کہ کوئی دفتر یا مقام کتنی دور ہے اور کس راستے سے وہاں جانا ممکن ہے۔
کسی ڈاٹ کی جانب کیمرا کرنے پر ایک ببل نمودار ہوکر اس جگہ کے بارے میں اہم تفصیلات فراہم کرے گا۔
ایک اور فیچر الیکٹرک گاڑیوں کے حوالے سے ہے۔
اس فیچر سے الیکٹرک گاڑیوں کے مالک کے لیے نئے فاسٹ چارج فلٹر سے چارجنگ اسٹیشنز کو دریافت کرنے میں مدد ملے گی۔
یہ فیچر صرف ان ممالک میں دستیاب ہوگا جہاں الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز موجود ہوں گے۔