12 فروری ، 2023
زندگی میں طویل المعیاد بنیادوں پر اچھی صحت اور خوشی چاہتے ہیں؟ تو اپنے گھر والوں اور دوستوں سے تعلق کو مضبوط بنا کر رکھیں۔
یہ بات امریکا میں 85 سال سے جاری ایک تحقیق میں سامنے آئی ہے۔
ہارورڈ یونیورسٹی کے ماہرین نے 1938 میں یہ جاننے کے لیے تحقیق کا آغاز کیا تھا کہ زندگی میں کیا چیز ہمیں کامیاب اور خوش باش بناتی ہے۔
اس مقصد کے لیے دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے 724 افراد کو تحقیق کا حصہ بنایا گیا اور ان سے ہر 2 سال بعد زندگی کے بارے میں سوالات کے جوابات حاصل کیے گئے۔
85 سال سے جاری اس تحقیق کے اب تک کے نتائج سے معلوم ہوا کہ کیرئیر میں کامیابی، دولت، ورزش یا صحت بخش غذا کے برعکس مثبت رشتے ہمیں زندگی میں خوش باش رہنے، صحت مند رہنے اور لمبی عمر کے حصول میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق لوگوں سے اچھا یا برا سلوک ہمیں جسمانی طور پر مثبت یا منفی انداز سے متاثر کرتا ہے۔
تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا کہ جن افراد کا اپنے گھر والوں اور دوستوں سے تعلق مضبوط تھا، وہ عمر میں اضافے کے ساتھ ذہنی اور جسمانی تنزلی سے کافی حد تک محفوظ رہے جبکہ ان کی سماجی زندگی اور ذہانت بھی بہتر ہوئی۔
محققین کا کہنا تھا کہ نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ ہمارے رشتے زندگی کی خوشی اور صحت کے لیے کنجی کی حیثیت رکھتے ہیں۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ 50 سال کی عمر میں لوگوں کے رشتوں کا معیار ان کی جسمانی صحت کے لیے زیادہ بہتر پیشگوئی ثابت ہوتا ہے۔
محققین کے مطابق جو لوگ اس عمر میں اپنے دوستوں اور رشتے داروں کے حوالے سے مطمئن ہوتے ہیں وہ 80 سال کی عمر میں زیادہ صحت مند ہوتے ہیں۔
ان کے بقول اچھے رشتے نہ صرف ہمارے جسموں کو تحفظ فراہم کرتے ہیں بلکہ دماغ کی بھی حفاظت کرتے ہیں۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ جو افراد خود کو تنہا سمجھتے ہیں، ان کی جسمانی صحت جلد تنزلی کا شکار ہوجاتی ہے اور موت کا خطرہ بڑھتا ہے۔