12 فروری ، 2023
مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے کہا ہے کہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی میں بہتری موجودہ عہد کی اہم ترین پیشرفت ہے۔
جرمنی کے ایک اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں بل گیٹس نے کہا کہ اے آئی ٹیکنالوجی پر مبنی چیٹ جی پی ٹی نامی چیٹ بوٹ ہماری دنیا کو بدل دے گا۔
انہوں نے کہا کہ چیٹ جی پی ٹی جیسے اے آئی چیٹ بوٹس سے دفتری سرگرمیاں زیادہ بہتر ہوں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'اب تک اے آئی ٹیکنالوجی لکھ اور پڑھ سکتی تھی مگر مواد کو سمجھنے سے قاصر تھی، مگر چیٹ جی پی ٹی جیسے نئے پروگرامز خطوط یا رسیدیں تحریر کرکے دفتری ملازمتوں کو زیادہ بہتر کر دیں گے'۔
بل گیٹس نے 1975 میں مائیکرو سافٹ کی بنیاد رکھی تھی اور 2 دہائی سے زائد عرصے تک اس کی قیادت کرتے رہے، پھر 2000 میں سی ای او کے عہدے کو چھوڑ دیا تھا۔
اب ان کی قائم کردہ کمپنی نے چیٹ جی پی ٹی کو سرچ انجن بنگ کا حصہ بنایا ہے جس کے بعد گوگل کی جانب سے بھی اسی طرح کی ٹیکنالوجی کو متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا۔
فروری کے شروع میں بھی ایک انٹرویو کے دوران بل گیٹس نے کہا تھا کہ چیٹ جی پی ٹی کا ابھرنا اسی طرح اہم ہے جیسے انٹرنیٹ کا عروج یا ذاتی کمپیوٹرز کا ارتقا۔
بل گیٹس نے کہا کہ 'اے آئی ٹیکنالوجی 2023 کے اہم ترین موضوع کے طور پر بحث کا حصہ بنے گی اور ایسا ہونا درست بھی ہے'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'یہ ٹیکنالوجی ذاتی کمپیوٹرز یا انٹرنیٹ جتنی ہی اہمیت کی حامل ہے'۔