13 فروری ، 2023
الیکشن کمیشن آف پاکستان کا وفد پنجاب اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ دینے کے معاملے پر کل 12 بجے گورنر ہاؤس میں حکام سے ملاقات کرے گا۔
ذرائع کے مطابق سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید کی سربراہی میں وفد گورنر ہاؤس میں ملاقات کرے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ اعلیٰ سطح کے وفد کی گورنر ہاؤس کے اعلیٰ عہدیدارن سے الیکشن تاریخ پر مشاورت ہو گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے وفد میں اسپیشل سیکرٹری، ڈی جی لاء، ڈی جی الیکشن بھی شامل ہوں گے۔
قبل ازیں الیکشن کمیشن نے خط لکھ کر گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سے کل مشاورتی ملاقات کے لیے وقت مانگا تھا۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے پرنسپل سیکرٹری گورنر پنجاب کو خط لکھا اور کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے گورنر پنجاب سے الیکشن تاریخ پر مشاورت کی ہدایت کی تھی۔
الیکشن کمیشن نے گورنر پنجاب کو 14فروری کو مشاورتی ملاقات کی درخواست کی اور کہا کہ گورنر ہاؤس یا کسی دوسری مناسب جگہ پر مشاورتی ملاقات کریں اور 14فروری کو مشاورتی ملاقات کے لیے وقت دیا جائے۔