فوج کیخلاف سوشل میڈیا مہم چلانے والے شخص کو پیکا ایکٹ کے تحت سزا سنادی گئی

فیصل آباد کے شہری سکندر زمان نے لسبیلہ میں آرمی ہیلی کاپٹر گرنے کے بعد گمراہ کن پوسٹس کی تھیں— فوٹو: فائل
فیصل آباد کے شہری سکندر زمان نے لسبیلہ میں آرمی ہیلی کاپٹر گرنے کے بعد گمراہ کن پوسٹس کی تھیں— فوٹو: فائل

پاک فوج کے خلاف سوشل میڈیا مہم چلانے والے شخص کو  پیکا ایکٹ کے تحت 6 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

فیصل آباد کے شہری سکندر زمان نے لسبیلہ میں آرمی ہیلی کاپٹر گرنے کے بعد گمراہ کن پوسٹس کی تھیں۔

گمراہ کن پوسٹس کرنے کے بعد وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف اے آئی) نے ملزم کے خلاف پریونشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) کے سیکشن 20 اور 24C کے تحت کارروائی کی۔

عدالت نے ملزم کو مجموعی طور پر 6 سال قید اور 2 لاکھ 60 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔

سکندر زمان کی ٹوئٹر پوسٹ سے بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ وہ تحریک انصاف کا سپورٹر ہے۔

پیکا کے سیکشن 20 کے تحت عدالت نے سکندر کو ایک سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا، جرمانہ ادا نہ کرنے پر اسے مزید تین ماہ قید میں گزارنے ہوں گے۔

اس کے علاوہ پیکا کے سیکشن 24 سی کے تحت سکندر کو ایک سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔ جرمانہ ادا نہ کرنے پر 3 ماہ اضافی قید کاٹنی ہوگی۔

مزید برآں تعزیرات پاکستان کے سیکشن 500 کے تحت سکندر کو ایک سال قید اور 10 ہزار جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔ جرمانہ ادا نہ کرنے پر مزید 15 دن قید کاٹنی ہوگی۔

اس کے ساتھ ساتھ عدالت نے سکندر کو تعزیرات پاکستان کے سیشکن 505 کے تحت تین سال قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ جرمانہ ادا نہ کرنے پر مزید 45 روز قید کاٹنی ہوگی۔

عدالتی فیصلے کے مطابق تمام سزائیں (ایک سال، ایک سال، ایک سال اور تین سال) بیک وقت شروع ہوں گی یعنی سکندر کو تین سال جیل میں گزارنے ہوں گے۔

مزید خبریں :