Time 02 مارچ ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

دنیا میں پہلی بار 'اے آئی' حکومتی مشیر کام کرنے لگا

یورپی ملک رومانیہ میں دنیا کے پہلے اے آئی مشیر کو مقرر کیا گیا / فوٹو بشکریہ رومانیہ انسائیڈر
یورپی ملک رومانیہ میں دنیا کے پہلے اے آئی مشیر کو مقرر کیا گیا / فوٹو بشکریہ رومانیہ انسائیڈر

دنیا بھر میں مختلف شعبوں کے لیے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھ رہا ہے۔

مگر اب پہلی بار ایک ملک کی حکومت نے اے آئی ٹیکنالوجی کو باضابطہ پر اپنا مشیر مقرر کر دیا ہے۔

جی ہاں واقعی یورپی ملک رومانیہ کے وزیراعظم نے اپنے 'نئے اعزازی مشیر' کو پیش کیا ہے، جو اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس اسسٹنٹ ہے، جسے Ion کا نام دیا گیا ہے۔

رومانیہ کے وزیراعظم Nicolae Ciuca کے مطابق Ion کا بنیادی کام سوشل میڈیا نیٹ ورکس کو اسکین کرکے عوام کے منصوبوں اور خواہشات کو رئیل ٹائم میں حکومت کے سامنے پیش کرنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ نیا حکومتی مشیر (جو دیکھنے میں ایک آئینے کی طرح ہے) دنیا میں اس طرز کا پہلا مشیر ہے جو اپنے کام کے لیے اے آئی ٹیکنالوجی کو استعمال کرتا ہے۔

انہوں نے اپنے نئے مشیر کو دنیا کے سامنے بھی پیش کیا جس نے اس موقع پر کہا کہ 'آپ نے مجھے زندگی اور اپنی نمائندگی کا موقع دیا'۔

حکومتی دستاویزات کے مطابق Ion سوشل میڈیا نیٹ ورکس پر دستیاب ڈیٹا کو حاصل کرکے اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے عوامی رائے کو جانے گا۔

رومانیہ کے شہری ایک ویب سائٹ پر براہ راست Ion سے چیٹ بھی کر سکیں گے۔

رومانیہ کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 'ہمارا ماننا ہے کہ اے آئی کا استعمال ایک آپشن نہیں بلکہ ہم پر فرض ہے تاکہ زیادہ بہتر فیصلے کیے جاسکیں'۔

واضح رہے کہ رومانیہ یورپ کے غریب ترین ممالک میں سے ایک ہے اور اسے مشرقی یورپ کا ٹیکنالوجی ہب بھی تصور کیا جاتا ہے۔

مزید خبریں :