Time 03 مارچ ، 2023
پاکستان

پی ٹی آئی امریکا کے رہنماؤں کی دو اراکین کانگریس سے ملاقاتیں

ملاقاتوں میں مطالبہ کیا گیا کہ پاکستان میں غیرآئینی اقدامات روکے جائیں، عمران خان پر قاتلانہ حملے اور ارشد شریف کے قتل پر کانگریس میں آواز اٹھائی جائے— فوٹو: فائل
ملاقاتوں میں مطالبہ کیا گیا کہ پاکستان میں غیرآئینی اقدامات روکے جائیں، عمران خان پر قاتلانہ حملے اور ارشد شریف کے قتل پر کانگریس میں آواز اٹھائی جائے— فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) امریکا کے رہنماؤں نے ایک روز میں  2 امریکی اراکین کانگریس سے ملاقاتیں کی ہیں جس میں پاکستان کی سیاسی صورتحال کا فوری نوٹس لینے کی اپیل کی گئی ہے۔

امریکی رکن کانگریس ایرک سوالویل سے پی ٹی آئی امریکا کے سینیئر رہنما ڈاکٹرعبداللہ ریار  نے واشنگٹن میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر عبداللہ نے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں غیرآئینی اقدامات روکے جائیں، پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان پر قاتلانہ حملے اور صحافی ارشد شریف کے قتل سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر عبداللہ ریار نے کہا کہ اس صورتحال پر کانگریس میں آواز اٹھائی جائے۔

جیونیوز سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر عبداللہ ریار نے بتایا کہ کانگریس مین سوالویل پی ٹی آئی کے لیڈر عمران خان کے فین ہیں اور ان کے دفتر میں عمران خان کا دستخط شدہ بیٹ بھی موجود تھا جسے دیکھ کر وہ حیرت زدہ رہ گئے۔

ایریک سوالویل کیلی فورنیا کے چودہویں ڈسٹرکٹ سے ڈیموکریٹ رکن کانگریس ہیں۔ وہ کانگریس کی جوڈیشری اور ہوم لینڈ سکیورٹی کے رکن ہیں۔

جس وقت ڈاکٹر ریار واشنگٹن میں ایریک سوالویل سے مل رہے تھے، ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں پی ٹی آئی امریکا کے دو رہنما ایک اور رکن کانگریس سے ملاقات کررہے تھے۔

امریکا میں عمران خان کے فوکل پرسن سجاد برکی اور پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما عاطف خان کی یہ ملاقات امریکی رکن کانگریس جیک ایلیزے سےہوئی۔

اس ملاقات کا ایجنڈا بھی پاکستان کی سیاسی صورتحال کی جانب امریکی کانگریس کی توجہ دلانا تھا۔ سجاد برکی اور عاطف خان نے زور دیا کہ عمران خان پرحملے اور  ارشد شریف کے قتل کے حقائق سامنے لائے جانے چاہئیں۔

ملاقات کے بعد جیونیوز سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہ نماؤں نے دعویٰ کیا کہ امریکی رکن کانگریس جیک ایلیزے نے انہیں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

جیک ایلیزےنے پی ٹی آئی رہنماؤں سے عمران خان کی صحت سے متعلق بھی دریافت کیا اور کہا کہ عمران خان مکمل صحت یاب ہوجائیں گے تو وہ ان کے ساتھ کرکٹ کھیلنا چاہیں گے۔

جیک ایلیزے کا تعلق ٹیکاس کے چھٹے ڈسٹرکٹ سے ہے اور ان کا تعلق ری پبلکن پارٹی سے ہے۔ وہ نیول پائلٹ رہ چکےہیں۔

امریکی اراکین کانگریس سے پچھلے چند ہفتوں میں پی ٹی آئی امریکا کے رہنماؤں کی ان ملاقاتوں کا سلسلہ تیز ہوا ہے اور اس ماہ مزید کئی اور اراکین سے ملاقاتیں بھی طے کی جاچکی ہیں۔

مزید خبریں :