06 مارچ ، 2023
ایلون مسک کی جانب سے 44 ارب ڈالرز کے عوض ٹوئٹر کو خریدنے کے عمل کی اجازت طلب نہ کرنے پر ترکیہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
ترکیہ کے مسابقتی کمیشن کی جانب سے ٹوئٹر پر جرمانہ عائد کیا گیا۔
مسابقتی کمیشن کی جانب سے ٹوئٹر کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اپنی 2022 کی مجموعی آمدنی کا 0.1 فیصد حصہ جرمانے کے طور پر جمع کرائے۔
کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایلون مسک اور ٹوئٹر نے ترکیہ کے مسابقتی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے جس پر جرمانہ عائد کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ٹوئٹر اور ایلون مسک کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی فروخت کے حوالے سے مسابقتی کمیشن سے اجازت طلب نہیں کی گئی تھی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اگر اجازت طلب کی جاتی تو کوئی اعتراض نہیں کیا جاتا۔
بیان کے مطابق ٹوئٹر کے پاس اس فیصلے کے خلاف عدالت میں جانے کا حق موجود ہے اور اس مقصد کے لیے کمپنی کو 60 دن کی مہلت دی گئی ہے۔
اس حوالے سے فی الحال ٹوئٹر یا ایلون مسک کی جانب سے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا۔
خیال رہے کہ اکتوبر 2022 میں ایلون مسک نے ٹوئٹر کو خریدا تھا۔