08 مارچ ، 2023
امریکی شہر سان فرانسسکو میں ٹوئٹر کے ہیڈ کوارٹرز کے اندر ایلون مسک کے محافظ ہر وقت دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص کے ساتھ ہوتے ہیں، یہاں تک کہ باتھ روم میں بھی ان کے پیچھے ہوتے ہیں۔
یہ دعویٰ ایک میڈیا رپورٹ میں سامنے آیا۔
رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے موجودہ اور سابقہ ملازمین نے بتایا کہ ایلون مسک کے 2 محافظ ٹوئٹر کے دفتر کے اندر ہر وقت ان کے ساتھ ہوتے ہیں۔
ٹوئٹر کے ایک انجینئر نے نام چھپانے کی شرط پر بتایا کہ باہر سے تو حالات اچھے نظر آتے ہیں مگر اندر سے یہ کمپنی ایک ایسی عمارت کی طرح ہے جس کے ہر حصے میں آگ لگی ہوئی ہے۔
انجینئر نے بتایا کہ یہ محافظ کسی ہالی وڈ فلم میں دکھائے جانے والے کرداروں کی طرح لمبے اور بھاری جسم کے ہیں۔
اس کا کہنا تھا کہ 'دفتر میں جہاں بھی وہ (ایلون مسک) جاتے ہیں، وہاں ان کے ساتھ کم از کم 2 محافظ ہوتے ہیں، یہاں تک کہ یہ محافظ واش روم میں بھی ان کا پیچھا نہیں چھوڑتے'۔
انجینئر کے مطابق اس سے ایلون مسک کی جانب سے کمپنی کے ملازمین پر عدم اعتماد ظاہر ہوتا ہے۔
اس نے مزید بتایا کہ ایلون مسک ہر طرح سے پیسے کمانا چاہتے ہیں اور انہوں نے تو دفتر میں لگے پودے تک ملازمین کو فروخت کرنے کی کوشش کی۔
اس نے بتایا کہ اب کمپنی کے اندر کوئی بھی اس کام کی پروا نہیں کر رہا جس کا مقصد سوشل میڈیا پلیٹ کے اندر لوگوں کو ہراساں ہونے سے بچانا تھا۔
اس نے کہا کہ اب ہر شعبے میں ایسے افراد کام کر رہے ہیں جن کو اپنے کام میں مہارت نہیں، جس کے نتیجے میں خطرات بڑھ رہے ہیں اور چیزیں غلط ہونے کا امکان بڑھ گیا ہے۔
ٹوئٹر کی جانب سے اس رپورٹ پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔