Geo News
Geo News

Time 12 مارچ ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

وہ پاکستانی جس نے ایپل کو آئی فونز میں اردو نستعلیق شامل کرنے پر راضی کیا

آئی فون ایکس پہلا فون تھا جس میں نستعلیق فونٹ کو اردو کی بورڈ کا حصہ بنایا گیا / فوٹو بشکریہ سی نیٹ
آئی فون ایکس پہلا فون تھا جس میں نستعلیق فونٹ کو اردو کی بورڈ کا حصہ بنایا گیا / فوٹو بشکریہ سی نیٹ

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آئی فونز کو بہت زیادہ پسند کیا جاتا ہے اور کئی برسوں سے ایپل کی ان ڈیوائسز میں اردو ٹائپنگ کے لیے کی بورڈ بھی موجود ہے۔

مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ ایپل کو آئی او ایس 11 میں اردو نستعلیق فونٹ شامل کرنے کے لیے ایک پاکستانی نے راضی کیا تھا۔

کراچی میں پیدا ہونے والے مدثر عظیمی طویل عرصے سے امریکا میں مقیم ہیں اور ان کی کوششوں سے آئی فونز کے آپریٹنگ سسٹم کے لیے اردو نستعلیق فونٹ کا اضافہ ہوا۔

انہیں یہ خیال کیسے آیا؟

مدثر عظیمی نے 2010 میں بچوں کے لیے اردو سے متعلق ایک ایپ تیار کی تو انہیں نے محسوس کیا کہ آئی فونز میں اردو کو تحریر کرنا کتنا مشکل ہے۔

انہوں نے دیکھا کہ لوگ آئی فونز میں اردو لکھنے کے لیے عربی کی بورڈ استعمال کرتے ہیں اور یہ کی بورڈ اردو بولنے والوں کو مدنظر رکھ کر تیار نہیں کیا گیا تھا۔

عرصے سے ٹیکنالوجی کمپنیوں کی جانب سے ڈیوائسز میں اردو کے لیے نقش ٹائپ فیس کا استعمال کیا جا رہا تھا جو نستعلیق سے کافی مختلف ہے۔

عرصے تک آئی فونز میں نستعلیق فونٹ کو تحریر کرنے کے لیے تھرڈ پارٹی ایپس کا سہارا لیا جاتا تھا۔

اس کو دیکھتے ہوئے انہوں نے خود آئی فونز کے لیے اردو کی بورڈ کی ایک ایپ تیار کی مگر پھر بھی انہیں لگتا تھا کہ ایپل کو اس حوالے سے اقدامات کرنے چاہیے۔

مدثر عظیمی / فوٹو بشکریہ میڈیم ڈاٹ کام
مدثر عظیمی / فوٹو بشکریہ میڈیم ڈاٹ کام

2014 میں مدثر عظیمی نے اسٹیو جابز کی تیسری برسی کے موقع پر ایپل کے سربراہ ٹم کک کو ایک ای میل بھیجی تھی۔

اس کی وجہ یہ تھی کہ ایپل کی جانب سے جس سسٹم لیول اردو کی بورڈ کو آئی او ایس میں متعارف کرایا گیا تھا اس کے لیے نقش ٹائپ فیس کو استعمال کیا گیا تھا۔

انہوں نے ٹم کک کو تجویز دی کہ آئی او ایس میں نستعلیق ٹائپ فیس کو سسٹم لیول پر شامل کرکے دنیا بھر میں اردو بولنے اور پڑھنے والوں کا مسئلہ حل کیا جا سکتا ہے۔

اس کے بعد انہوں نے سوشل میڈیا پر بھی نستعلیق ایپل کے ہیش ٹیگ کے ساتھ ایک مہم شروع کی جس کے بعد انہیں ٹم کک کے دفتر سے فون آیا جس میں ای میل ملنے کی تصدیق کی گئی۔

اس کے اگلے سال یعنی 2015 میں ایپل نے نستعلیق ٹائپ فیس کو آئی او ایس کے بیٹا ورژن میں شامل کیا مگر حتمی ورژن کا حصہ نہیں بنایا۔

مدثر عظیمی کی جانب سے ہر سال ٹم کک کو خط لکھ کر اس بارے میں یا د دلایا جاتا تھا۔

اس طرح 2017 کو آئی او ایس 11 میں نستعلیق فونٹ کو آئی او ایس میں اردو کی بورڈ کا حصہ بنا دیا گیا۔

درحقیقت ایپل نے آئی او ایس کے ساتھ ساتھ واچ او ایس اور میک او ایس میں بھی اردو کی بورڈ کے لیے نستعلیق ٹائپ فیس کو اپنا لیا۔