کھیل
Time 16 مارچ ، 2023

شاہد آفریدی نے ایک بار پھر دامادکے دفاع میں شعیب کو ازراہ مذاق آڑے ہاتھوں لےلیا

اگر میں شاہین کی جگہ ہوتا تو میں ان 12 گیندوں سے پاکستان کی سب سے بڑی سیلیبرٹی بن جاتا، میں قوم کا ہیرو بن جاتا: شعیب اختر/فوٹوفائل
اگر میں شاہین کی جگہ ہوتا تو میں ان 12 گیندوں سے پاکستان کی سب سے بڑی سیلیبرٹی بن جاتا، میں قوم کا ہیرو بن جاتا: شعیب اختر/فوٹوفائل

فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے سسر اور سابق کپتان شاہد آفریدی نے  ایک بار پھر داماد کے دفاع میں بولتے ہوئے شعیب کو ازراہ مذاق آڑے ہاتھوں لے لیا ۔

پاکستان ٹیم کے سابق اسٹارز لیجنڈ لیگ کرکٹ کیلئے قطر میں موجود ہیں اس دوران کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے ، ویڈیو میں ایشیا لائنز کے شاہد آفریدی، مصباح الحق اور  شعیب اختر سمیت کئی کھلاڑیوں کو بس میں سفر کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

اس دوران شاہد آفریدی ہنستے ہوئے مصباح کو بتاتے ہیں کہ شعیب اختر نے ایک انٹرویو میں شاہین کیلئے کہا تھا کہ اگر میں شاہین کی جگہ ہوتا تو میں یہ کرتا میں وہ کرتا ، جس پر میں نے کہا تھا کہ کوئی شک نہیں شعیب نے کرکٹ کیلئے بہت کچھ برداشت کیا ہے، بلکہ یہ کہوں گا کہ شعیب نے پاکستان کیلئے بہت کچھ برداشت کیا ہے۔

شاہد نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ شعیب بھائی نے اتنے انجیکشن لگوالیے اب ان سے چلا ہی نہیں جارہا ، اب شعیب بھائی سے چلا ہی نہیں جاتا پلستر ہی نہیں اترتا ان کے پیر سے۔

شاہد کی بات پر شعیب اختر اور مصباح سمیت بس میں موجود تمام کھلاڑی ہنسنا شروع ہوگئے۔

شعیب اختر نے شاہین سے متعلق کہا کیا تھا؟

کچھ عرصہ قبل  نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو کے دوران میزبان کے سوال پر شعیب اختر نے ورلڈکپ میں شاہین شاہ کی انجری سے متعلق گفتگو کرتے ہوئےکہا تھا کہ ’اگر میں شاہین کی جگہ ہوتا اور اس وقت میرے پاس 12 منٹ اور 12 گیندیں ہوتیں تو میں ان 12 گیندوں سے پاکستان کی سب سے بڑی سیلیبرٹی بن جاتا، میں قوم کا ہیرو بن جاتا‘۔

سابق کرکٹر کا کہنا تھا’ اس روز میں ایک گیند کرتا اس کے بعد آکر گرتا، میرا گٹھنا ٹوٹتا میرا منہ زمین پر لگتا، میرے منہ سے خون آرہا ہوتا لیکن میں پھر کھڑا ہوتا میں انجیکشن لگواتا، گٹھنے کو سن کرتا، پھرگرتا، پھر اٹھتا، پھر آتا اور پھر گرتا، لوگ مجھے کہتے تم گرجاؤ گے تمہارا گٹھنا ٹوٹ جائےگا، میں کہتا میرے لیے مرجانا بہتر ہے اس وقت لیکن ورلڈکپ ہاتھ سے نہ جائے‘۔

واضح رہے کہ ورلڈکپ کے فائنل میچ کے دوران کیچ لیتے ہوئے شاہین آفریدی کا گھٹنا زمین پر لگا تھا جس کے بعد شاہین آفریدی اپنا اوور مکمل نہیں کرسکے تھے وہ 16 ویں اوور کی ایک گیند کراکر میدان سے باہر چلے گئے جس کے بعد باقی اوور افتخار احمد نے مکمل کیا تھا۔

مزید خبریں :