وہ عام غذا جو جگر کے تکلیف دہ مرض کا شکار بنا دیتی ہے

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

مغربی طرز کی غذاؤں کا زیادہ استعمال جگر کے تکلیف دہ مرض کا شکار بنا سکتا ہے۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

جگر پر چربی چڑھنے کا مرض ایک دائمی عارضہ ہے جس کا سامنا دنیا بھر میں کروڑوں افراد کو ہوتا ہے۔

یونیورسٹی آف مسوری اسکول آف میڈیسن کی تحقیق میں بتایا گیا کہ چکنائی اور چینی سے بھرپور مغربی غذاؤں (فاسٹ یا جنک فوڈ) کے استعمال اور جگر پر چڑھنے کے مرض کے درمیان تعلق موجود ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ اس طرح کی غذا جگر کے امراض کا شکار بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

تحقیق کے مطابق معدے اور جگر ایک شریان کے ذریعے آپس میں ملے ہوئے ہوتے ہیں، صحت کے لیے نقصان دہ غذاؤں سے معدے میں موجود بیکٹریا میں تبدیلی آتی ہے جس سے جگر پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

اس تحقیق میں چوہوں کو چکنائی اور چینی سے بھرپور غذاؤں کا استعمال کرانے پر دریافت ہوا کہ اس سے جانوروں کے معدے میں ایک ایسے بیکٹریا کی تعداد بڑھ گئی جو جگر میں ورم بڑھانے کا باعث بنتا ہے۔

اس کے نتیجے میں یہ چوہے جگر پر چربی چڑھنے کے مرض کا شکار ہو گئے۔

محققین نے بتایا کہ ایسا ہی انسانوں میں بھی ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحقیق میں واضح کیا گیا ہے کہ کس طرح ہمارا معدہ جگر کے امراض کے حوالے سے کردار ادا کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جگر پر چربی چڑھنے کا مرض ایک عالمی طبی وبا ہے جس سے جگر کے کینسر اور دیگر امراض کا خطرہ بڑھتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ زیادہ تر مریضوں کو جگر کے اس عارضے کا علم ہی نہیں ہوتا۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل نیچر کمیونیکیشنز میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :