دنیا
Time 17 مارچ ، 2023

امریکا جیسے 2 ممالک جتنا بڑا سمندری پودوں کا ڈھیر خلا سے بھی نظر آنے لگا

میکسیکو کے ایک ساحلی علاقے میں اس ڈھیر کا منظر / اے پی فوٹو
میکسیکو کے ایک ساحلی علاقے میں اس ڈھیر کا منظر / اے پی فوٹو

5 ہزار میل تک پھیلے ہوئے سمندری پودوں یا کائی کا بہت بڑا ڈھیر امریکی ریاست فلوریڈا اور میکسیکو کی جناب بڑھ رہا ہے۔

اس ڈھیر کو گریٹ اٹلانٹک Sargassum بیلٹ کا نام دیا گیا ہے جس کا رنگ بھورا ہے اور یہ مغربی افریقا کے ساحل سے خلیج میکسیکو تک پھیلا ہوا ہے۔

درحقیقت اس کا حجم امریکا جیسے 2 ممالک جتنے بڑا ہے اور وزن 2 کروڑ ٹن ہے۔

یہ ڈھیر خلا سے بھی صاف نظر آ رہا ہے اور ماہرین کے مطابق اس کا حجم جولائی تک مزید بڑھے گا۔

اس سے سمندری ماحولیات پر کیا اثرات مرتب ہوں گے، یہ تو ابھی واضح نہیں مگر سائنسدان اس حوالے سے فکر مند ہیں۔

یہ واضح رہے کہ عموماً اس طرح کے سمندری پودے بے ضرر ہوتے ہیں اور ان سے سمندری حیات کو فائدہ ہی ہوتا ہے۔

مگر جو ڈھیر امریکی ساحلوں کی جانب بڑھ رہا ہے، وہ ساحلوں کے ساتھ ساتھ سمندری کرنٹ کے لیے تباہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔

خلا سے اس ڈھیر کی لی گئی تصویر / فوٹو بشکریہ University of South Florida College of Marine Science
خلا سے اس ڈھیر کی لی گئی تصویر / فوٹو بشکریہ University of South Florida College of Marine Science

ماہرین نے بتایا کہ جب یہ ڈھیر ساحل پر پہنچے گا تو پانی کا معیار خراب ہوگا، علاقے میں بدبو پھیل جائے گی جس کے نتیجے میں کیڑوں اور بیکٹریا کی نشوونما ہو گی، جو سیاحوں کا تعاقب کریں گے اور معیشت کو بھی نقصان ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سے ساحلی ماحولیاتی نظام کو بھی تباہی کا سامنا ہوگا جبکہ فضائی معیار متاثر ہوگا۔

سمندری پودوں کی سیکڑوں اقسام ہوتی ہیں، جن میں سے کچھ بحر اوقیانوس کی سطح میں پھلتی پھولتی ہیں۔

اس وجہ سے ان کا چھوٹے پیمانے پر اکٹھے ہو جانا آسان ہوتا ہے مگر حالیہ برسوں میں اس طرح کے بڑے ڈھیر دیکھنے میں آئے ہیں جن کے حجم میں ہر سال اضافہ ہو رہا ہے۔

مزید خبریں :