کھیل
Time 20 مارچ ، 2023

مودی سے متعلق بھارتی صحافی کے سوال پر آفریدی نے کیا جواب دیا؟

میرا واضح مؤقف ہے کہ دنیا میں چاہے کہیں بھی ظالم شخص ہو گا، مودی سے متعلق سوال پر آفریدی کا جواب
میرا واضح مؤقف ہے کہ دنیا میں چاہے کہیں بھی ظالم شخص ہو گا، مودی سے متعلق سوال پر آفریدی کا جواب

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے متعلق سوال پر قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کے جواب کو لیکر بھارت میں بہت پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔

شاہد آفریدی لیجنڈز لیگ کرکٹ میں ایشیا لائنز کی قیادت کرنے کے لیے قطر گئے جہاں بھارت کی ٹیم انڈیا مہاراجاز کے علاوہ ورلڈ جائنٹز کی ٹیم بھی موجود تھی۔

شاہد آفریدی مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے اپنا ایک واضح مؤقف رکھتے ہیں اور اس کا اظہار وہ کئی مواقع پر برملا کر بھی چکے ہیں لیکن قطر میں بھارتی صحافی کی جانب سے ایک بار پھر شاہد آفریدی سے اس حساس معاملے پر سوال پوچھا گیا کہ بھارتی وزیراعظم کے بارے میں بولا جاتا ہے اور کشمیر کا مدعا بھی اٹھایا جاتا ہے تو پھر ایسی صورت حال میں کیسے امید کی جا سکتی ہے کہ آپ بھارت آکر کھیلیں۔

بھارتی صحافی کے سوال پر شاہد آفریدی کا کہنا تھا میرا واضح مؤقف ہے کہ دنیا میں چاہے کہیں بھی ظالم شخص ہو گا اور مظلوم شخص ہو گا جس پر ظلم ہو رہا ہو گا چاہے اس کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہو تو میں ظالم کے خلاف آواز اٹھاؤں گا۔

شاہد آفریدی کا مزید کہنا تھا اس میں کوئی شبہ نہیں کہ میں نے کشمیر سے متعلق بات کی ہے، اگر کسی پر ظلم ہو رہا ہو چاہے پاکستان میں یا دنیا کے کسی بھی ملک میں تو ظالم ظالم ہی ہوتا ہے اور مظلوم مظلوم ہی ہوتا ہے، یہ صرف میری ذمہ داری نہیں بلکہ آپ لوگ بھی انسان ہیں اور میرے نزدیک انسانیت سے خوبصورت مذہب کوئی بھی نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا غلط چیز غلط ہی ہوتی ہے اور ٹھیک چیز ٹھیک ہی ہوتی ہے لیکن ہمیں حقیقت سے منہ نہیں موڑنا چاہیے اور ہمیں اپنی آنکھیں بند نہیں کرنی چاہئیں، دوبارہ کہہ رہا ہوں کوئی بھی مذہب ہو ظلم ظلم ہوتا ہے۔

بھارتی صحافی کی جانب سے شاہد آفریدی کو اکسانے کی کوشش کی گئی جس پر شاہد آفریدی نے جواب دیا کہ آپ اس وقت اس معاملے کو کہیں اور لیکر جا رہے ہیں، آپ نے جو سوال کیا میں نے آپ کو اس کا جواب دے دیا، میں یہاں پر کرکٹ کھیلنے آیا ہوں، میں نہیں چاہنا کہ یہاں پر کوئی ایسا بیان دوں، یہاں پر بھارتی کھلاڑی بھی آئے ہوئے ہیں ان کے ساتھ ملنا جلنا ہو رہا ہے، سریش رائنا نے مجھے اپنا بیٹ دیا ہے، سب کچھ اچھا چل رہا ہے، پیار کو بڑھاؤ نفرت کو نہ بڑھاؤ۔

مزید خبریں :