چیٹ جی پی ٹی کو آپ کن کاموں کے لیے استعمال کر سکتے ہیں؟

چیٹ جی پی ٹی حالیہ مہینوں میں وائرل ہونے والا چیٹ بوٹ ہے / رائٹرز فوٹو
چیٹ جی پی ٹی حالیہ مہینوں میں وائرل ہونے والا چیٹ بوٹ ہے / رائٹرز فوٹو

چیٹ جی پی ٹی آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی وہ وائرل چیٹ بوٹ ہے جس نے حالیہ مہینوں میں دنیا کی توجہ حاصل کر لی ہے۔

چیٹ جی پی ٹی ایک ایسا سپر ٹول ہے جو آن لائن لگ بھگ ہر کام کر سکتا ہے۔

اسے لوگوں کی معاونت کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جس کے اندر سوالات کے جواب دینے کے لیے بہت زیادہ تفصیلات رکھی گئی ہیں جبکہ مشین لینگوئج لرننگ کے ذریعے وہ مسلسل خود کو بہتر بھی بنا رہا ہے۔

اسے ایک امریکی کمپنی اوپن اے آئی نے تیار کیا اور اس کو ویب براؤزر پر ہی استعمال کیا جاسکتا ہے، جہاں جاکر آپ کو اکاؤنٹ بنانا ہوگا۔

مگر آپ چیٹ جی پی ٹی کو کن مقاصد کے لیے استعمال کر سکتے ہیں؟ اگر یہ معلوم نہیں تو پھر اس ٹول کا کوئی فائدہ نہیں۔

تو جان لیں کہ چیٹ جی پی ٹی سے آپ کچھ کیا کر سکتے ہیں۔

اپنی Curriculum Vitae (سی وی) کو بہتر بنائیں

چیٹ جی پی ٹی آپ کے لیے بہت اچھی سی وی بھی تیار کر سکتا ہے، بس آپ کو اسے یہ بتانا ہے کہ آپ اپنی سی وی میں کیا کچھ چاہتے ہیں۔

ملازمت کے انٹرویو کی تیاری

سی وی کی طرح چیٹ جی پی ٹی دفتری انٹرویو کی تیاری میں بھی مدد فراہم کر سکتا ہے۔

بس آپ کو اس سے پوچھنا ہوگا کہ جاب انٹرویو کے لیے تیاری کیسے کی جائے یا اس میں کیا ممکنہ سوالات پوچھے جاسکتے ہیں اور ان کا جواب کیا ہے۔

تحریر کا خلاصہ اور اسے سادہ بنانا

چیٹ جی پی ٹی تحقیقی مقالوں، رپورٹس، ویب پیجز اور دیگر مواد کا خلاصہ بھی آپ کو فراہم کر سکتا ہے تاکہ آپ کو لمبی تحریروں کو پڑھ کر وقت ضائع نہ کرنا پڑے۔

یہ ایک ایسا فیچر ہے جو طالبعلموں یا صحافیوں کے لیے بہت اہم ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ آپ خود فیصلہ کر سکتے ہیں کہ کسی مضمون کا خلاصہ کتنے الفاظ یا جملوں میں ہو یا آپ چیٹ بوٹ کو بلٹ پوائنٹ فارمیٹ میں کسی مضمون کے خاص نکات تیار کرنے کا بھی کہہ سکتے ہیں۔

پیچیدہ موضوعات یا خیالات کا مفہوم

آپ چیٹ جی پی ٹی سے پوچھ سکتے ہیں کہ کوانٹم مشینز کیا ہیں یا کسی بھی پیچیدہ موضوع کے بارے میں اس سے پوچھ سکتے ہیں۔

وہ آپ کو اس انداز میں جواب دے گا جس کو سمجھنا بہت آسان ہوتا ہے۔

فلم یا کھانا پکانے کی ترکیب کو تلاش کریں

چیٹ جی پی ٹی کسی فلمی ناقد یا پروفیشنل شیف سے کم نہیں، جس کی مدد سے آپ کسی کھانے کی ترکیب جان سکتے ہیں جبکہ وہ آپ کو بتا سکتا ہے کہ کونسی فلم آپ کے ذوق پر پوری اتر سکتی ہے۔

تحریر کا ترجمہ

چیٹ جی پی ٹی 95 مختلف زبانوں میں کسی تحریر کو ترجمہ کر سکتا ہے اور کافی حد تک درست کرتا ہے۔

بس آپ کو ایک بار پڑھ کر دیکھنا ہوگا کہ کوئی غلطی تو نہیں، جس کے بعد اسے استعمال کر سکتے ہیں۔

کوڈ تحریر کریں یا ٹھیک کریں

چیٹ جی پی ٹی سے آپ متعدد کمپیوٹر کوڈز سمجھ سکتے ہیں یا ان کو تحریر کرسکتے ہیں۔

اگر آپ کو کمپیوٹر کوڈ کے بارے میں کچھ معلوم نہیں تو بھی چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے اسے تحریر کرنا ممکن ہے یا ڈیوائسز کے مختلف مسائل کو سمجھنا آسان ہو سکتا ہے۔

مصنف بنیں

جی ہاں واقعی چیٹ جی پی ٹی کو مختلف منظر نامے فراہم کرکے آپ کسی کہانی کو تحریر کروا سکتے ہیں۔

یہ اس وقت کافی مددگار ثابت ہوتا ہے جب آپ کے ذہن میں کوئی خیال یا منظر موجود ہے مگر تحریر کرنے میں مشکلات کا سامنا ہو رہا ہو۔

گیمز کھیلیں

آپ چیٹ جی پی ٹی پر متعدد گیمز بھی کھیل سکتے ہیں چونکہ یہ اے آئی لینگوئج ماڈل پر مبنی چیٹ بوٹ ہے تو اس پر متعدد گیمز بھی ٹیکسٹ پر مبنی ہوتی ہیں۔

مگر آپ اس سے پوچھ سکتے ہیں کہ کونسی گیمز کھیلنا ممکن ہے تو وہ آپ کو اس بارے میں ایسی گیمز کے بارے میں بتائے گا جو آپ کھیل سکتے ہیں۔

نوٹ : یہاں یہ واضح رہے کہ چیٹ جی پی ٹی ہمیشہ مددگار ثابت نہیں ہوتا کئی بار اسے بھی مشکلات کا سامنا ہوتا ہے اور اس کے جوابات عجیب ہوتے ہیں۔

مزید خبریں :