فضائی سفر کا خواب پورا نہ ہونے پر طیارے کی شکل کا گھر بنانے والا شخص

یہ وہ گھر ہے / اے ایف پی فوٹو
یہ وہ گھر ہے / اے ایف پی فوٹو

ایک شخص جسے کبھی فضائی سفر کا موقع نہیں ملا، اس نے اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی خرچ کرکے ایسا گھر تعمیر کر لیا جو دیکھنے میں کسی طیارے کی طرح ہے۔

ایشیائی ملک کمبوڈیا سے تعلق رکھنے والے Chrach Peou نے یہ گھر سیئم ریئپ کے قریب ایک قصبے میں تعمیر کیا۔

وہ ایک تعمیراتی ورکر ہیں اور کنکریٹ کے اس 'طیارے' کی تعمیر کے لیے انہوں نے 20 ہزار ڈالرز (56 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) خرچ کیے۔

طیارے کی شکل کی اس عمارت میں ونگز، ٹیل فِن، لینڈنگ گیئر اور انجن کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

43 سالہ Chrach Peou کے مطابق اس عمارت کی تعمیر میں انہیں لگ بھگ ایک سال لگا اور اس کے لیے وہ 30 سال سے پیسے جمع کر رہے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ 'یہ میرا بچپن کا خواب تھا تو میں اس کی تعبیر پر بہت خوش ہوں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اب ہم یہاں رہ سکتے ہیں اور یہ میرا طیارہ ہے تو میں بہت خوش ہوں'۔

یہ گھر ایک دھان کے کھیت پر تعمیر کیا گیا ہے جس میں 2 کمرے موجود ہیں اور اسے ڈیزائن بھی Chrach Peou نے ہی کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ انٹرنیٹ پر متعدد طیاروں کی ویڈیوز دیکھ کر انہوں نے گھر کو ڈیزائن کیا اور اب وہ وہاں آنے والے افراد سے پیسے بھی لیتے ہیں۔

اس گھر کے سامنے ایک سیلفی لینے پر وہ ایک ڈالر لیتے ہیں۔

ویسے Chrach Peou اب بھی اصل طیارے کی پرواز کا لطف لینا چاہتے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ یہ خواب ایک دن ضرور پورا ہوگا۔

مزید خبریں :