Time 05 اپریل ، 2023
پاکستان

اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کیلئے کراچی پولیس چیف کو ہی تبدیل ہوجانا چاہیے:گورنر سندھ

شہر اور صوبے کا سب سے بڑا مسئلہ اسٹریٹ کرائم ہے اسے کنٹرول کرائیں گے: کامران ٹیسوری/ فائل فوٹو
شہر اور صوبے کا سب سے بڑا مسئلہ اسٹریٹ کرائم ہے اسے کنٹرول کرائیں گے: کامران ٹیسوری/ فائل فوٹو

کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے میں نے ایس ایچ او تبدیل کرنے کا کہا تھا لیکن اب تک کے حالات دیکھ کر تو کراچی پولیس چیف کو ہی تبدیل ہوجانا چاہیے۔

گورنرسندھ کامران ٹیسوری چودھویں سحری کے لیے سمن آباد پہنچے جہاں پر لوگوں نے ان کا پرجوش استقبال کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ مسائل کا سب کو پتا ہے لیکن عمل کرنے کے لیے کوئی تیار نہیں ہے، 75 سالوں میں کام کی بنیاد پر ووٹ مانگتے ہوئے کوئی نظر نہیں آیا۔

انہوں نے کہا پہلا آدمی تھا جوکہ ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر دینےکا اعلان کرکے اقتدار میں آیا لیکن اس نے بھی اپنا وعدہ پورا نہیں کیا، یہاں پر جو آدمی بھی کرسی پر آکر بیٹھتا ہے کہتا ہے کام نہیں کرنا۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ شہر اور صوبے کا سب سے بڑا مسئلہ اسٹریٹ کرائم ہے اسے کنٹرول کرائیں گے، اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے میں نے ایس ایچ او تبدیل کرنے کا کہا تھا لیکن اب تک کے حالات دیکھ کر تو کراچی پولیس چیف کو ہی تبدیل ہوجانا چاہیے۔

کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ ایم ڈی سوئی گیس پرسوں میرے پاس آرہے ہیں، میں نے ایم ڈی سوئی گیس کمپنی کو کہا ہے کہ جہاں کی گیس بند کرنی ہے کردیں لیکن گھروں میں گیس آنا چاہیے، اب تک میرے پاس 12ہزار گیس کے بل جمع ہوگئے ہیں،کے الیکٹرک کو بھی کہا ہے کہ بجلی کی فراہمی کا مسئلہ حل کریں۔

گورنر سندھ کا کہنا تھاکہ اب صرف افطار اور سحری کے لیے نہیں بلکہ پورا سال گورنر ہاؤس عوام کے لیے کھلا ہوگا، کل سے ہمارے ساتھ سحری کے پیکٹ بھی ہونگے، ہم مستحق افراد میں گھروں میں سحری بھی بانٹیں گے۔

انہوں نے عوام سے مخاطب ہوکر کہا کہ کسی کو کوئی مسئلہ ہے تو مجھے سوشل میڈیا پر بتائیں یا پھر 1366 پر کال کریں۔

مزید خبریں :