06 اپریل ، 2023
نیند کی کمی سے متعدد امراض کا خطرہ بڑھتا ہے اور ہر رات 7 سے 8 گھنٹے سونے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ محض ایک رات نیند کی کمی سے کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟
جرنل نیچر اینڈ سائنس آف سلیپ میں شائع تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ایک رات 5 گھنٹے سے کم وقت تک سونے سے گاڑی چلانے کے دوران حادثے کا خطرہ اتنا زیادہ ہوتا ہے جتنا نشہ کرکے گاڑی چلانے سے ہوتا ہے۔
اس تحقیق کے لیے 61 تحقیقی رپورٹس کا تجزیہ کیا گیا تھا اور دریافت ہوا کہ ایک رات 4 سے 5 گھنٹے کی نیند سے اگلے دن گاڑی کے حادثے کا خطرہ دگنا بڑھ جاتا ہے۔
ماہرین نے دریافت کیا کہ ایسا ہی خطرہ ان افراد میں بھی دیکھنے میں آیا ہے جو الکحل کی معمولی مقدار کا استعمال کرتے ہیں۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ نیند کی کمی کا دورانیہ جتنا زیادہ ہوگا، حادثے کا خطرہ اتنا زیادہ ہوگا۔
محققین کے مطابق تجزیے سے عندیہ ملتا ہے کہ نیند کی کمی سے تھکاوٹ کا احساس طاری ہوتا ہے جو حادثے کا خطرہ بڑھاتا ہے۔
اس سے قبل ستمبر 2022 میں کیلیفورنیا یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ نیند کی کمی کے شکار افراد خودغرض بن جاتے ہیں۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ نیند کی کمی کا اثر آپ کے دماغ کے اس حصے پر پڑتا ہے جو براہ راست سماجی رابطے اور ہمدردی سے منسلک ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ بے خوابی کے شکار افراد میں کسی اور کی مدد کرنے کی خواہش دم توڑنے لگتی ہے۔