Time 12 اپریل ، 2023
پاکستان

ترقیاتی منصوبوں میں نقصان کا الزام، پرویز الٰہی اور دیگر کیخلاف نیب انکوائری شروع

نیب نے مونس الٰہی، علی افضل ساہی کے خلاف بھی انکوائری شروع کی ہے/ فائل فوٹو
نیب نے مونس الٰہی، علی افضل ساہی کے خلاف بھی انکوائری شروع کی ہے/ فائل فوٹو

لاہور: نیب نےگجرات اور منڈی بہاؤالدین کے ترقیاتی منصوبوں میں حکومت کو کروڑوں روپےکا نقصان پہنچانےکے الزام میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی، ان کے صاحبزادے مونس الٰہی اور دیگر کے خلاف انکوائری شروع کردی۔

نیب کی جانب سے سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو کو لکھے گئے خط میں گجرات اور منڈی بہاؤالدین کےمالی سال 2022-23 کے تعمیراتی ٹھیکوں، ترقیاتی منصوبوں کے ٹینڈرز، ادائیگیوں، پرفارمنس،گارنٹی اور کام کے معیار کی تفصیل طلب کی گئی ہے  جو 14 اپریل تک مانگی گئی ہے۔

خط میں مزیدکہا گیا ہے کہ نیب ٹینڈرز میں قوانین کی خلاف ورزیوں، قبل ازوقت ادائیگیوں،کروڑوں روپےکےکمیشن سمیت دیگر الزامات کی انکوائری کر رہا ہے، پرویز الٰہی، مونس الٰہی اور علی افضل ساہی پرخزانےکوکروڑوں کا نقصان پہنچانےکا الزام ہے۔

چیف انجینئر نارتھ نےگجرات کی اسکیموں میں مبینہ غبن اورمعیار چیک کرنےکیلئے ٹیمیں تشکیل دے رکھی ہیں جب کہ نیب لاہور کے اہلکار بھی سی اینڈ ڈبلیو کی معائنہ ٹیموں میں شامل ہوں گے۔

 نیب ذرائع کے مطابق پرویزالٰہی دور میں گجرات اور منڈی بہاؤالدین میں100ارب سے زائد کی اسکیمیں رکھی گئیں جن میں وسیع پیمانے پر گھپلوں کا الزام ہے۔

مزید خبریں :