27 اپریل ، 2023
ایلون مسک دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص ہیں اور اپنی کمپنیوں سے اربوں ڈالرز کماتے ہیں۔
مگر اپنی زیر ملکیت سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر کے اکاؤنٹ سے بھی ایلون مسک ماہانہ لگ بھگ ایک لاکھ ڈالرز (2 کروڑ 79 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) کما رہے ہیں۔
یہ انکشاف ایک رپورٹ میں کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ایلون مسک نے 13 اپریل کو ٹوئٹر کے ایک فیچر سپر فالوز کا نام بدل کر سبسکرپشن رکھ دیا تھا، جس سے لوگ اپنی پسند کے صارف کے خصوصی مواد کو ماہانہ فیس کے عوض حاصل کر سکتے ہیں۔
ایلون مسک نے 25 اپریل کو اپنی ٹوئٹر پروفائل کا ایک اسکرین شاٹ شیئر کیا تھا جس سے عندیہ ملتا ہے کہ کم از کم 24 ہزار 700 افراد نے ان کے اکاؤنٹ کی سبسکرپشن حاصل کی ہے۔
ٹوئٹر کے مالک کچھ عرصے قبل بتا چکے ہیں کہ ہر فرد ان کی پروفائل سے 4 ڈالرز ماہانہ کے عوض خصوصی مواد حاصل کر سکتا ہے اور ہر چند ہفتوں میں ایک بار ان سے سوالات پوچھ سکتا ہے۔
24 ہزار 700 افراد کا مطلب یہ ہے کہ ایلون مسک کو ماہانہ 98 ہزار 800 ڈالرز کی آمدنی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ہو رہی ہے اور انہیں کچھ کرنا بھی نہیں پڑ رہا۔
سبسکرپشن فیچر کے ذریعے لوگ ٹوئٹر پر اپنی پسند کے صارفین کے خصوصی مواد جیسے زیادہ الفاظ پر مشتمل میسجز، طویل ویڈیوز اور دیگر تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
سبسکرپشن حاصل کرنے والے افراد کے لیے خصوصی بیج بھی تیار کیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ ٹوئٹر پر سب سے زیادہ فالو کیے جانے والا اکاؤنٹ ایلون مسک کا ہی ہے جسے 13 کروڑ 68 لاکھ سے زائد افراد فالو کر رہے ہیں۔