10 مئی ، 2023
ایلون مسک کا سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر اب فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ جیسی ایپس کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔
اس مقصد کے لیے ٹوئٹر میں آڈیو اور ویڈیو کالز سمیت اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ چیٹ جیسے فیچرز کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔
ایلون مسک نے ایک ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ بہت جلد ٹوئٹر پر آڈیو اور ویڈیو چیٹ کا فیچر تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔
اس فیچر کو متعارف کرانے کے بعد ہر ٹوئٹر صارف کسی بھی فرد سے دنیا بھر میں فون نمبر کے بغیر آڈیو یا ویڈیو کال پر بات کر سکے گا۔
ایلون مسک نے مزید بتایا کہ انکرپٹڈ ڈائریکٹ میسجنگ کو بھی ٹوئٹر کا حصہ بنایا جا رہا ہے اور اس کا آغاز 10 مئی سے ہو سکتا ہے۔
مگر انہوں نے یہ وضاحت نہیں کی کہ آڈیو یا ویڈیو کالز کو اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ حاصل ہوگا یا نہیں، جبکہ ابھی یہ معلوم نہیں کہ کالنگ فیچرز کو کب تک سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا حصہ بنایا جائے گا۔
اسی طرح اب ڈائریکٹ میسج میں صارفین ہر میسج پر ریپلائی کر سکیں گے، پہلے صرف تازہ ترین میسج پر ہی جواب دینا ممکن تھا۔
یہ نئی تبدیلیاں ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کو سپر ایپ بنانے کے اقدامات کا حصہ ہیں۔
ایلون مسک عرصے سے کہہ رہے ہیں کہ وہ ٹوئٹر کو ایسی ایپ بنانا چاہتے ہیں جہاں ہر قسم کی سروس صارف کو دستیاب ہو۔
ٹوئٹر کے صارفین کی تعداد 55 کروڑ سے زائد ہے اور ایلون مسک کو توقع ہے کہ آڈیو اور ویڈیو کالز کے فیچر سے مزید افراد کو اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لانے میں مدد ملے گی۔
اس مقصد کے لیے وہ پیمنٹ فیچرز کو بھی ٹوئٹر کا حصہ بنانا چاہتے ہیں جس کے لیے ریگولیٹرز سے منظوری حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔