Time 12 مئی ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

گوگل سرچ انجن میں 25 سال کے دوران کی جانے والی سب سے بڑی تبدیلی

کمپنی کی سالانہ ڈویلپر کانفرنس کے دوران اس کا اعلان کیا گیا / فائل فوٹو
کمپنی کی سالانہ ڈویلپر کانفرنس کے دوران اس کا اعلان کیا گیا / فائل فوٹو

گوگل کا روایتی سرچ انجن اب بالکل نیا بننے والا ہے۔

25 سال سے گوگل سرچ انجن میں سادہ سرچ بار پر رزلٹس کی لسٹ نظر آتی تھی مگر اب اسے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی سے بدلا جا رہا ہے۔

گوگل کی سالانہ آئی او کانفرنس کے موقع پر کمپنی کی جانب سے اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس سرچ انجن کی جھلک پیش کی گئی جس کا بنیادی مقصد 'سرچ کو زیادہ اسمارٹ اور سرچنگ کو سادہ' بنانا ہے۔

سرچ انجن میں اب صارفین کو زیادہ قدرتی انداز سے سوالات پوچھنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

ان سوالات پر سرچ رزلٹس کی روایتی فہرست کے ساتھ ساتھ سوالات کے جواب میں اے آئی پر مبنی سمری بھی فراہم کی جائے گی۔

اس تبدیلی کے بعد اگر صارف کسی موضوع کے بارے میں تفصیلی سوال پوچھے گا تو ایک طویل سمری سامنے آجائے گی۔

گوگل کی جانب سے اسے اے آئی پاور اسنیپ شاٹ کا نام دیا گیا ہے۔

اس سمری میں سورسز کے لنکس کے ساتھ ساتھ مختلف پریزنٹیشن فارمیٹ اسٹائل بھی موجود ہوں گے۔

اس سمری میں متعلقہ سوالات پر کلک کرنے کے لیے صارفین کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے گی جس کے بعد اے آئی چیٹ بوٹ ان کی مدد کے لیے متحرک ہو جائے گا۔

یہ اے آئی سرچ رزلٹس صارفین کو آن لائن شاپنگ میں بھی مدد فراہم کریں گے۔

کمپنی نے بتایا کہ اے آئی سمری کے ساتھ ساتھ روایتی سرچ رزلٹس بھی موجود ہوں گے جو صارفین کو اوریجنل مواد تک لے جائیں گے۔

گوگل کی جانب سے ان نئے فیچرز تک صارفین کو رسائی بھی فراہم کی جا رہی ہے مگر فی الحال امریکی صارفین کو ہی یہ سہولت دستیاب ہے۔

خیال رہے کہ مائیکرو سافٹ کی جانب سے بنگ سرچ انجن میں اے آئی ٹیکنالوجی کو شامل کرنے کے بعد سے گوگل کی جانب سے اس حوالے سے تیزی سے کام کیا جا رہا ہے۔

پہلے اے آئی چیٹ بوٹ بارڈ متعارف کرایا گیا مگر اسے سرچ انجن سے الگ رکھا گیا ہے۔

مزید خبریں :