Time 13 مئی ، 2023
پاکستان

سپریم کورٹ کے خلاف احتجاج میں انصار الاسلام کے سالار و رضا کار بھی پہنچیں: فضل الرحمان

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی )کا محافظ دستہ انصار الاسلام ایک معمول کی فورس ہے جسے پارٹی قیادت کی حفاظت کے لیے تشکیل دیا گیا ہے— فوٹو: فائل
جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی )کا محافظ دستہ انصار الاسلام ایک معمول کی فورس ہے جسے پارٹی قیادت کی حفاظت کے لیے تشکیل دیا گیا ہے— فوٹو: فائل

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے تمام سیاسی جماعتوں کو پیر کے روز سپریم کورٹ کے خلاف احتجاج میں شرکت کی دعوت دے دی۔

ویڈيو پیغام میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ایک مجرم کو یک طرفہ تحفظ اور وی آئی پی پروٹوکول دیا جارہا ہے، عوام اور کارکنوں کو دعوت دے رہے ہیں کہ پیر کی صبح شاہراہ دستور پہنچیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ انصار الاسلام کے سالار اور رضاکار بھی نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کیلئے پہنچیں۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم پیر کے روز سپریم کورٹ کے باہر پرامن احتجاج میں شرکت کیلئے پہنچے، صبح 9 بجے تمام قافلے پہنچ جائیں تاکہ قومی یکجہتی قائم کی جائے، تین رکنی بینچ اور ہائی کورٹ کے ججوں نے ایک مجرم کو تحفظ دیا ہے، ہم نے اپنے اداروں کا تحفظ کرنا ہے اور ججز کے بگاڑ کو سیدھا کرنا ہے۔

خیال رہے کہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی )کا محافظ دستہ انصار الاسلام ایک معمول کی فورس ہے جسے پارٹی قیادت کی حفاظت کے لیے تشکیل دیا گیا ہے۔

جے یو آئی کی ذیلی تنظیم انصار الاسلام کی تشکیل کا مقصد اور ایجنڈا الیکشن اور ریلیوں کے دوران قیادت کو تحفظ فراہم کرنا اور نظم و ضبط برقرار رکھنا ہے۔


مزید خبریں :