15 مئی ، 2023
اگر کسی راستے کے ٹوٹنے سے گڑھا بن جائے اور کوئی شہری سے اسے خود ٹھیک کر دے تو اس پر سرکاری ردعمل کیا ہونا چاہیے؟
یقین کرنا مشکل ہوگا مگر یورپی ملک اٹلی میں ایک شہری نے ایسے گڑھے کو خود ٹھیک کیا تو اس پر لاکھوں روپے کا جرمانہ عائد کر دیا گیا۔
اٹلی کے خطے لمبارڈی کے ایک قصبے Barlassina میں راہ گیروں کے گزرنے کے لیے بنائے گئے راستے میں 30 سینٹی میٹر کا گڑھا بن گیا تھا۔
مقامی کونسل کی جانب سے اس گڑھے کو ٹھیک کرنے میں ناکامی پر 72 سالہ کلاڈیو ٹرینٹا نے خود اسے تارکول جیسے ایک مادے سے ٹھیک کرنے کا فیصلہ کیا۔
گڑھا تو ٹھیک ہوگیا مگر ٹریفک پولیس کی جانب سے کلاڈیو ٹرینٹا پر 882 یورو (2 لاکھ 73 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) کا جرمانہ عائد کر دیا گیا۔
اس جرمانے پر 72 سالہ شخص نے ایک فیس بک پوسٹ میں پولیس سے ملنے والے مراسلے کی تصویر شیئر کی۔
اس مراسلے میں کلاڈیو ٹرینٹا پر ہائی وے قوانین کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا گیا کہ انہوں نے سرکاری جگہ پر بلا اجازت ایک خطرناک کام کیا۔
کلاڈیو ٹرینٹا کو گڑھے کو اصل شکل میں بحال کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔
فیس بک پوسٹ میں انہوں نے لکھا 'اگر انہیں لگتا ہے کہ میں احمق ہوں تو وہ غلط ہیں، انہوں نے مجھے غصہ دلایا ہے اور اب میں کونسل کے خلاف غفلت کی شکایت دائر کرنے والا ہوں'۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 3 ماہ کے دوران انہوں نے متعدد بار مقامی حکام کو گڑھے کی شکایت کی تھی مگر کچھ نہیں ہوا۔
اس پوسٹ پر اٹلی بھر سے لوگوں نے ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جبکہ انہیں میڈیا کی جانب سے مختلف پروگرامز میں مدعو بھی کیا جا رہا ہے۔
72 سالہ شخص کے مطابق 'یہ کام میں نے شہرت کے لیے نہیں کیا اور میں اس جرمانے کے خلاف آخر تک لڑوں گا، میری نظر میں تو یہ ناانصافی ہے'۔