Time 24 مئی ، 2023
پاکستان

خیرپور: 30 سال بعد بھی اسکول کی عمارت تعمیر نہ ہوسکی، بچے کھلے آسمان تلے پڑھنے پر مجبور

خیرپور کی تحصیل کوٹ ڈیجی میں 1991 سے منظور شدہ گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول دین محمد شر کی عمارت آج تک تعمیر نہ ہوسکی جہاں 150 سے زائد طلبہ موسم سرد ہو یا گرم کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔

شدید گرم موسم میں کھلے آسمان تلے درخت کے سائے میں پڑھائی کرتے یہ کمسن طلبا خیرپور کی تحصیل کوٹ ڈیجی سے تعلق رکھتے ہیں کیوں کہ کوٹ ڈیجی میں 1991 سے منظور شدہ گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول دین محمد شر کی عمارت آج تک تعمیر نہ ہوسکی جس کے باعث نہ تو یہاں کلاس روم ہے، بلیک بورڈ نہ دیگر سہولیات ہیں، بس چند بینچز ، ننھے ہاتھوں میں کتابیں اور تختیاں، یا پھر کمسن طلبہ میں تعلیم حاصل کرنے کی سچی لگن۔

اسکول انتظامیہ کے مطابق 150 سے زیادہ بچے درخت کے نیچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں، 1991 سے اسکول منظور ہے، ہم مطالبہ کر رہے ہیں کہ ہمیں فوری طور پر اسکول بلڈنگ دی جائے۔

اسکول کیلئے بنائی گئی عارضی عمارت خستہ حال ہوئی تو درخت کے نیچے ہی اسکول قائم کر دیا گیا، حالات کے پیش نظر کئی بچے تعلیم سے دور ہوگئے۔

اہل علاقہ نے مطالبہ کیا ہے فوری طور پر نوٹس لیکر اسکول عمارت سمیت دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کے بچے بہتر انداز میں تعلیم حاصل کرسکیں۔

مزید خبریں :