Time 25 مئی ، 2023
صحت و سائنس

بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنے کیلئے ورزش کرنے کا بہترین وقت کونسا ہے؟

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

ورزش ہر ایک کی صحت کے لیے فائدہ مند ہوتی ہے مگر اس کے کرنے کا بہترین وقت کونسا ہوتا ہے؟

اس بات کا تعین کرنا تو آسان نہیں مگر بلڈ شوگر یا گلوکوز کو کنٹرول کرنا چاہتے ہیں تو دوپہر کو ورزش کرنا بہترین ہے۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

بریگھم اینڈ ویمنز ہاسپٹل کی تحقیق میں ذیابیطس ٹائپ 2 اور موٹاپے کے شکار افراد میں طرز زندگی کے مختلف عناصر سے مرتب اثرات کی جانچ پڑتال کی گئی۔

تحقیق کے دوران دیکھا گیا کہ دن میں کس وقت ورزش کرنے سے بلڈ شوگر کی سطح میں نمایاں بہتری آتی ہے۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ دوپہر کے وقت ورزش کرنے سے ایک سال کے عرصے میں ذیابیطس کے مریضوں کے بلڈ شوگر کی سطح میں نمایاں بہتری آئی۔

محققین نے بتایا کہ دوپہر کے وقت جسمانی طور پر زیادہ متحرک ہونے سے بلڈ شوگر کی سطح میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی۔

انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ ورزش کرنے سے صحت کو فائدہ ہوتا ہے مگر تحقیق کے نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ ورزش کا وقت بھی اہم ثابت ہوتا ہے۔

اس تحقیق میں 24 سو سے زیادہ افراد کو شامل کیا گیا تھا اور اس کے نتائج جرنل Diabetes Care میں شائع ہوئے۔

اس سے قبل نومبر 2022 میں نیدرلینڈز میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ دوپہر سے آدھی رات کے درمیان کسی وقت بھی ورزش کرنا انسولین کی مزاحمت کا خطرہ 25 فیصد تک کم کرتا ہے۔

انسولین کی مزاحمت اس وقت ہوتی ہے جب مسلز، چربی اور جگر کے خلیات کو انسولین کے حوالے سے ردعمل میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے جس کے باعث خون میں گلوکوز کی سطح بڑھ جاتی ہے۔

اس تحقیق میں 45 سے 65 سال کی عمر کے افراد کو شامل کیا گیا تھا اور آغاز میں ان کے خون کے نمونوں کے ذریعے بلڈ گلوکوز اور انسولین کی سطح کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔

نتائج سے ثابت ہوا کہ دوپہر سے رات کے درمیان جسمانی سرگرمیوں سے جگر میں چربی کی مقدار میں کمی آئی جبکہ انسولین کی مزاحمت بھی گھٹ گئی۔

تحقیق کے مطابق دوپہر یا شام کو ورزش کرنے سے انسولین کی مزاحمت میں 18 سے 25 فیصد تک کمی آتی ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ دن کے مختلف اوقات میں جسمانی سرگرمیاں انسولین کی حساسیت کے حوالے سے مفید ثابت ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مزید تحقیق میں اس بات کا تجزیہ کیا جائے گا کہ ذیابیطس ٹائپ 2 کی روک تھام کے لیے دن میں کس وقت ورزش کرنا بہتر ہوسکتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل Diabetologia میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :