31 مئی ، 2023
کیا اکثر رات بھر سونے کے باوجود اگلی صبح تھکاوٹ کا احساس ہوتا ہے؟ اگر ہاں تو ہوسکتا ہے کہ ایسا آپ کی پسندیدہ غذا کی وجہ سے ہو رہا ہو۔
جی ہاں آج کل بیشتر افراد کی پسندیدہ غذا لوگوں کی نیند کو متاثر کرنے کا باعث بن رہی ہے۔
یہ بات سوئیڈن میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
Uppsala یونیورسٹی کی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جنک یا فاسٹ فوڈ کھانے کی عادت نیند کے معیار پر منفی اثرات مرتب کرتی ہے۔
اس تحقیق میں 15 صحت مند افراد کو شامل کرکے ان کی غذا اور نیند کے درمیان تعلق کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔
ان افراد کو 2 مختلف اقسام کی غذائیں استعمال کرائی گئیں۔
ایک قسم کی غذا زیادہ چینی، چکنائی اور پراسیس اشیا پر مشتمل تھی جبکہ دوسری صحت کے لیے فائدہ مند اشیا پر مشتمل غذا تھی۔
لوگوں کو دونوں اقسام کی غذاؤں کا استعمال ایک، ایک ہفتے تک کرایا گیا جبکہ ان کی نیند کے دورانیے اور معیار کا بھی جائزہ لیا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ دونوں اقسام کی غذا سے لوگوں کی نیند کے دورانیے پر کوئی اثرات مرتب نہیں ہوتے، مگر جنک فوڈ سے نیند کا معیار متاثر ہوتا ہے۔
تحقیق کے مطابق جنک فوڈ کے استعمال کے بعد نیند کم گہری ہوتی ہے، درحقیقت بڑھاپے یا بے خوابی سے نیند پر مرتب ہونے والے اثرات دیکھنے میں آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ابھی ہم نے یہ جائزہ نہیں لیا کہ غذا سے نیند کا معیار متاثر ہونے سے کونسے جسمانی یا ذہنی افعال تبدیل ہو جاتے ہیں۔
مگر ان کا کہنا تھا کہ یہ پہلے سے معلوم ہے کہ ناقص غذا اور خراب نیند سے متعدد طبی امراض کا خطرہ بڑھتا ہے۔
محققین کے مطابق ہماری نیند کئی مراحل پر مشتمل ہوتی ہے اور ہر مرحلے پر دماغ میں مختلف سرگرمیاں ہوتی ہیں، مگر بے خوابی اور عمر میں اضافے سے نیند کے مراحل پر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب پہلی بار دریافت ہوا کہ غذا کا انتخاب بھی نیند پر بے خوابی یا عمر جیسے اثرات مرتب کرتا ہے۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل اوبیسٹی میں شائع ہوئے۔