15 جون ، 2023
پنجاب کی نگران حکومت نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کا جیل کے اندر ہی ٹرائل کا فیصلہ کیا ہے۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات کی سماعت روزانہ ہو گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کا جیل کے اندر ہی ٹرائل کیا جائے گا۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے 9 مئی کے واقعات میں مفرور شرپسندوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے کارروائیاں تیز کرنےکا حکم دے دیا۔
خیال رہے کہ 9 مئی کو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں جلاؤ گھیراؤ کیا گیا، ریاستی اداروں اور یادگار شہدا کو نقصان پہنچایا گیا اور سرکاری املاک بھی نذر آتش کی گئیں۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث 3200 زیر حراست ہیں اور عمران خان سمیت جو جو بھی ان واقعات میں ملوث ہے اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
گزشتہ روز وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی قومی اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارا ازلی دشمن جو کام 75 سالوں میں نہ کر سکا وہ ایک اندرونی دشمن نے 9 مئی کو کر دیا، خواجہ آصف کا کہنا تھا جس سانپ کو دودھ پلا کر پالا گیا اس نے 9 مئی کو ڈسا، 9 مئی کے واقعات میں اس شخص کی دونوں بہنیں ملوث تھیں اور کہتا ہے کہ سازش ہوئی ہے۔