24 جولائی ، 2024
اکثر گاڑی میں سفر کرتے یا پیدل چلتے ہوئے آپ نے سڑک کے کنارے پر ایسے درختوں کو دیکھا ہوگا جن کے نچلے حصے کو سفید پینٹ سے رنگا جاتا ہے۔
مگر کیا کبھی آپ نے سوچا کہ آخر درختوں پر سفید پینٹ کیوں کیا جاتا ہے؟
اس سے کیا فائدہ ہوتا ہے یا اس سے درختوں پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟
عموماً درختوں کے تنے پر یہ سفید رنگ نظر آتا ہے اور اس کے پیچھے چھپی وجہ (یا وجوہات) بھی کافی دلچسپ ہے۔
یقین کرنا مشکل ہوگا مگر ایسا سائنسی وجہ کے باعث کیا جاتا ہے۔
درختوں کو رنگنے کے لیے چونے کا استعمال کیا جاتا ہے اور ایسا کرنے سے چونا درخت کے ہر نچلے حصے تک پہنچ جاتا ہے۔
اس کی وجہ سے درختوں کو کیڑوں یا دیمک سے تحفظ ملتا ہے جبکہ ان کی عمر میں اضافہ ہو جاتا ہے۔
چونے کے باعث درخت کی اوپری سطح کو تحفظ ملتا ہے اور چھال آسانی سے ٹوٹتی نہیں۔
درخت پر سفید پینٹ کے استعمال کا ایک اور فائدہ بھی کارنیل یونیورسٹی کے ماہرین نے بتایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سفید رنگ سے درخت کی جڑوں کو سورج کی شعاعوں سے پہنچنے والے نقصان سے تحفظ ملتا ہے جبکہ کچھ ممالک میں تو اسے روڈ سائن کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
ان ممالک میں ایسی سڑکوں کے کناروں پر درختوں پر سفید پینٹ کا استعمال کیا جاتا ہے جہاں اسٹریٹ لائٹ نہیں ہوتی۔
تو جب گاڑی کی روشنی درخت پر پڑتی ہے تو درخت کی واضح نشاندہی ہو جاتی ہے۔
کچھ ممالک جیسے امریکا میں درختوں پر نارنجی رنگ کا استعمال سب سے زیادہ کیا جاتا ہے اور اس کا مطلب انہیں اگانے کے بارے میں اشارہ دینا ہوتا ہے۔
اسی طرح نیلا رنگ بھی اس مقصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جس کا مقصد یہ بتانا ہوتا ہے کہ یہ درخت کاٹا جاسکتا ہے۔
برطانیہ میں مختلف رنگوں سے رومن ہندسوں کو درختوں پر لکھا جاتا ہے تاکہ ان کی لمبائی کا علم ہوسکے۔