Time 07 جولائی ، 2023
پاکستان

جہانگیر ترین کے بھائی عالمگیر ترین کو سپردخاک کردیا گیا

عالمگیر ترین کی نماز جنازہ آج لاہور میں ادا کی گئی جس میں ان کے اہلخانہ اور عزیز و اقارب نے شرکت کی/ فائل فوٹو
عالمگیر ترین کی نماز جنازہ آج لاہور میں ادا کی گئی جس میں ان کے اہلخانہ اور عزیز و اقارب نے شرکت کی/ فائل فوٹو

لاہور: استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین کے بھائی اور کرکٹ فرنچائز ملتان سلطانز کے مالک عالمگیر ترین کو سپردخاک کردیا گیا۔

عالمگیر ترین  کی نماز جنازہ آج لاہور میں ادا کی گئی جس میں ان کے اہلخانہ اور عزیز و اقارب نے شرکت کی۔

عالمگیر ترین گزشتہ روز  اپنے گھر میں مردہ پائے گئے تھے، پولیس اور اہل خانہ نے خودکشی قرار دیا ہے۔

ابتدائی تفتیش میں بتایا گیا تھا کہ  عالمگیر ترین نے دائیں کنپٹی پر ایک گولی چلائی۔

 عالمگیر کی لاش کے پاس ملنے والی تحریر کا متن 

دوسری جانب جہانگیر ترین کے بھائی عالمگیرترین کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی جس کے مطابق عالمگیر ترین کی موت سر میں گولی لگنے سے ہوئی،  گولی ان کے سر کے دائیں طرف لگی جس پستول سے گولی چلائی گئی وہ اور خودکشی سے پہلے لکھی عالمگیر ترین کی تحریر فرانزک تجزیے کے لیے بھجوادی گئی ہے۔ 

تحریری نوٹ میں کیا لکھا تھا؟

لاش کےقریب سے ملنے والی تحریر  کے مطابق عالمگیر ترین نے خودکشی کی وجہ اپنی بیماری بتائی ہے۔

 عالمگیر ترین نے لکھا تھا کہ وہ بیماری کی وجہ سے خودکشی کر رہے ہیں۔ وہ اپنی زندگی سے پیار کرتے ہیں۔ چھ ماہ قبل تک ان کی زندگی اطمینان بخش تھی۔ 

عالمگیر نے لکھا کہ انہیں لاحق جلد کی بیماری سے ان کے چہرے کی جلد بہت خراب ہوگئی تھی،  اس بیماری سے آنکھیں بھی خراب ہوگئیں، اور ان کے لیے کچھ بھی پڑھنا ممکن نہیں رہا تھا،جلد کی بیماری کے علاج کیلئے انہیں طاقتور اسٹرائیڈز لینا پڑیں، اس کے باوجود انہیں کوئی فائدہ نہیں ہو رہا تھا۔ کمر کے درد کے باعث انہیں سونے کیلئے نیند کی گولیاں کھانا پڑتی تھیں، انہوں نے بھرپور زندگی گزاری ہے اور اب وہ ڈاکٹرز کے چکر نہیں لگانا چاہتے۔

  تحریر کے متن کے مطابق انہوں نے اپنے بھائی جہانگیر ترین کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’جہانگیر ! میرے نوکر عالم کا خیال رکھنا، میرے ملازم نے ساری زندگی خدمت کی اس کو پولیس پر یشان نہ کرے۔‘

عالمگیر دسمبر میں شادی کرنے جا رہے تھے :قریبی دوستوں کا دعویٰ 

دوسری جانب ان کے قریبی دوستوں کا کہنا ہے انہیں عالمگیر ترین کی بیماری کا علم نہیں۔

عالمگیر ترین غیر شادی شدہ تھے، ان کے دوستوں کے مطابق ان کی عمر 63 سال تھی، ان کی منگنی ہوئی تھی اور وہ دسمبر میں شادی کرنے جا رہے تھے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے ٹوئٹرپر پوسٹ میں عالمگیر ترین کی موت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے اور مداحوں سے درخواست کی گئی ہےکہ وہ ترین فیملی کی پرائیویسی کا خیال رکھیں۔ 

مزید خبریں :