کھیل
Time 08 جولائی ، 2023

’وہ ایک آزاد روح تھے‘، علی ترین کا اپنے مرحوم چچا عالمگیر ترین کو خراجِ عقیدت

63 سالہ عالمگیر ترین غیر شادی شدہ تھے، ان کی منگنی ہوئی تھی اور وہ رواں برس دسمبر میں شادی کرنے والے تھے__فوٹو: سوشل میڈیا
63 سالہ عالمگیر ترین غیر شادی شدہ تھے، ان کی منگنی ہوئی تھی اور وہ رواں برس دسمبر میں شادی کرنے والے تھے__فوٹو: سوشل میڈیا

استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین کے صاحبزادے علی ترین نے اپنے چچا مرحوم عالمگیر ترین کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

دو روز قبل بزنس مین اور پی ایس ایل فرنچائز ملتان سلطانز کے مالک عالمگیر ترین نے پستول سے اپنے سر میں گولی مار کر خودکشی کرلی تھی، خودکشی کے وقت عالمگیر ترین لاہور کے علاقے گلبرگ میں واقع اپنے گھر میں تھے۔

اب جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین نے سماجی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے اپنے چچا عالمگیر ترین سے متعلق بیان جاری کیا اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

علی ترین نے لکھا کہ ’عالمگیر چچا اپنے اصولوں پر زندگی گزارنے کے قائل تھے، وہ بہت پرکشش طبیعت کے مالک اور ایک آزاد روح تھے، کرکٹ، بزنس یا چاہے پھر زندگی ہی کیوں نہ ہو، وہ ہر میدان میں چیلنج کا ڈٹ کر سامنا کیا کرتے تھے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’جو لوگ ان کو قریب سے جانتے تھے ان کے لیے عالمگیر ترین کا اچانک انتقال کرجانا ایک ناقابلِ برداشت غم ہے، اللّٰہ ان کی مغفرت فرمائے‘۔

واضح رہے کہ 63 سالہ عالمگیر ترین غیر شادی شدہ تھے، ان کی منگنی ہوئی تھی اور وہ رواں برس دسمبر میں شادی کرنے والے تھے۔


مزید خبریں :