22 جولائی ، 2023
وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاتارڑ کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ کے لیے بھارت آئے نہ آئے ان کی اپنی مرضی ہے، لیکن پاکستان کو سو فیصد ورلڈکپ کھیلنے بھارت جانا چاہیے۔
عطا تارڑ نے جیو نیوز سے پاکستان کی ورلڈکپ میں شرکت کے حوالے سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ اگر دشمن کو مات دینی ہے تو اس کے ہوم گراؤنڈ پر مات دیں، پاکستان کی کرکٹ ٹیم بھارت سے بہتر ٹیم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بابر اعظم اور ویرات کوہلی کا موازنہ ہوتاتو لوگ کہتےہیں کہ بابر بہتر کھلاڑی ہے، بھارت کے پاس شاہین آفریدی جیسا کوئی فاسٹ بولر نہیں،کرکٹ کو سیاست سے دور رکھیں، بھارت آئے نہ آئے ان کی اپنی مرضی ہے لیکن پاکستان کو سو فیصد ورلڈکپ کھیلنے بھارت جانا چاہیے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ سیاست اور کرکٹ جب بھی مکس ہوئے تو ملک کی تباہی ہوئی ہے، پاکستان کو آئی سی سی کے فورم پر بھارت پر پریشر رکھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کھیل کا میدان کھیل کا میدان رہنا چاہیے، جنگ کا میدان نہیں بننا چاہیے، جب بھارت بھی پاکستان آئی تھی تو انہیں ماحول اچھا ملاتھا، میں چاہتاہوں بابراعظم سنچری بنائے اور شاہین آفریدی ویرات کوہلی کو بھارت میں آؤٹ کرے۔
عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر احسان مزاری کا خیال ہےکہ پاکستان کو بھارت نہیں جانا چاہیے، لیکن یہ ان کا اپنا خیال ہے، بھارت اور پاکستان کے فاسٹ بولرز کا کوئی مقابلہ نہیں رہا، ماضی میں نیوٹرل وینیو پر جب بھی مقابلہ ہوا تو پاکستان نے بھارت کو شکست دی، میرا تو خواب ہےکہ پاکستان بھارت کی سرزمین پر ورلڈکپ لفٹ کرے، کسی اور ملک کی نسبت پاکستان کی بھارت میں ورلڈکپ جیتنے کی اہمیت الگ ہوتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے ورلڈکپ میں شرکت کے حوالے سے تاحال بات نہیں ہوئی، وزیراعظم کھیلوں کا فروغ چاہتے ہیں، جب تک مسلہ کشمیر حل نہیں ہوتا، کرکٹ ڈپلومیسی کے ذریعے پاک بھارت کا قریب آنا نظر نہیں آتا۔
خیال رہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ 2023 رواں برس اکتوبر میں بھارت میں شیڈول ہے اور روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا مقابلہ 15 اکتوبر کو احمد آباد میں ہو گا۔