26 جولائی ، 2023
کراچی: سندھ اور بلوچستان کے پہاڑی سلسلے میں حالیہ بارشوں سے حب ڈیم پانی سے مکمل بھر گیا جس کے اسپل ویز سے پانی کا اخراج کسی بھی وقت شروع ہو سکتا ہے۔
واپڈا ذرائع کے مطابق حب ڈیم کے اسپل ویز سے از خود پانی کے اخراج کے لیے صرف ڈیڑھ انچ کی سطح باقی ہے اور حب ڈیم سے اضافی پانی کسی بھی وقت اسپل ویز سے از خود ندی میں گرنے لگے گا۔
کیچمنٹ ایریا میں حالیہ بارشوں سے حب ڈیم میں 10 فٹ تک پانی آیا، حب ندی میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر آبادیوں کو خبردار کردیا گیا ہے۔
واپڈا ذرائع کے مطابق 22 جولائی تک حب ڈیم میں پانی کا لیول 329 فٹ پر تھا، ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 339 فٹ ہے، آجصبح ساڑھے 7 بجے حب ڈیم میں پانی حتمی لیول 339 کے قریب پہنچ گیا تھا۔
گزشتہ سال بھی حب ڈیم مکمل بھرنے سے ندی میں طغیانی آگئی تھی اس دوران حب ندی کے پل کو بھی شدید نقصان پہنچا تھا۔
حب ڈیم سے کراچی کو پینے اور دیگر استعمال کے لیے پانی سپلائی کیا جاتا ہے جب کہ اسی ٹائم سے بلوچستان کے کئی علاقوں میں زمینوں کی آبیاری بھی کی جاتی ہے۔