07 اگست ، 2023
ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک میٹا کے چیف ایگزیکٹو کے ساتھ فائٹ کے لیے تیار ہیں مگر وہ اس کی تاریخ طے کرنے سے قبل اپنی گردن اور کمر کا معائنہ کرانا چاہتے ہیں۔
ایکس (ٹوئٹر کا نیا نام) پر اپنی ایک پوسٹ میں ایلون مسک نے کہا کہ 'فائٹ کی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی، کل میں اپنی گردن اور بالائی کمر کا ایم آر آئی کروا رہا ہوں'۔
ایلون مسک کا کہنا تھا کہ شاید فائٹ سے قبل سرجری کی ضرورت ہو، اس کا علم رواں ہفتے ہو جائے گا۔
ان کا یہ میسج اس وقت سامنے آیا جب انہوں نے 6 اگست کو کہا تھا کہ یہ فائٹ ہوکر رہے گی اور اسے ایکس پر لائیو اسٹریم کیا جائے گا۔
ٹیسلا کے مالک کے اس بیان پر مارک زکربرگ نے بھی ایکس کی حریف ایپ تھریڈز پر اپنے میسج میں کہا تھا کہ وہ ایلون مسک سے آج ہی لڑنے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ وہ کیج فائٹ کے لیے 26 اگست کی تاریخ تجویز کر چکے ہیں مگر ایلون مسک نے تصدیق نہیں کی۔
اس تھریڈز پوسٹ میں مارک زکربرگ نے ایلون مسک کی ایکس پوسٹ کا اسکرین شاٹ بھی لگایا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ وہ فائٹ کی تیاری کے لیے وزن اٹھا رہے ہیں۔
ایلون مسک کی جانب سے ایکس پر فائٹ کو لائیو اسٹریم کیے جانے پر مارک زکربرگ کا کہنا تھا کہ اس کے لیے زیادہ قابل اعتبار پلیٹ فارم استعمال ہونا چاہیے جہاں واقعی فلاحی کاموں کے لیے فنڈز اکٹھے ہوتے ہیں (خیال رہے کہ انسٹاگرام اور فیس بک پر فنڈ جمع کرنے کا فیچر موجود ہے مگر ایکس میں نہیں)۔
میٹا کے چیف ایگزیکٹو نے مزید کہا کہ وہ اس کھیل سے محبت کرتے ہیں اور لوگوں سے مقابلہ کرنا جاری رکھیں گے۔
خیال رہے کہ 20 جون کو ایلون مسک نے ٹوئٹر پر ایک صارف کی ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے بظاہر مذاق میں مارک زکربرگ کو فائٹ کا چیلنج کیا تھا۔
جو جسٹو مارشل آرٹ کے ماہر مارک زکربرگ نے بھی 21 جون اس چیلنج کو قبول کرتے ہوئے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ 'مجھے لوکیشن بھیجیں'۔
جس پر ایلون مسک نے اپنے جواب میں لاس ویگاس میں موجود وینیو Vegas Octagon کے بارے میں لکھا، یہ وہ جگہ ہے جہاں ایم ایم اے فائٹس ہوتی ہیں۔
اس کے چند دن بعد ایلون مسک نے بتایا تھا کہ انہوں نے کیج فائٹ کے لیے تربیت شروع کر دی ہے، مگر پھر اس حوالے سے کوئی اپ ڈیٹ سامنے نہیں آئی۔
پھر 6 اگست کو انہوں نے ایک بار پھر فائٹ کے حوالے سے پیغامات پوسٹ کیے جس کے بعد مارک زکربرگ نے بھی اپنا ردعمل ظاہر کیا۔
ایلون مسک نے ایک اور ایکس پوسٹ میں لکھا کہ 'اگر فائٹ مختصر ہوئی تو ممکنہ طور پر میں جیت جاؤں گا، اگر وہ طویل ہوئی تو شاید وہ اپنی برداشت کے باعث جیت جائے'۔