13 اگست ، 2023
آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی بہت تیزی سے پیشرفت کر رہی ہے اور مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس اس کی صلاحیتوں سے بہت زیادہ متاثر ہوچکے ہیں۔
ایک پوڈ کاسٹ میں بات کرتے ہوئے بل گیٹس نے بتایا کہ اے آئی چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی نے انہیں دنگ کر دیا ہے۔
اگست 2022 میں بل گیٹس نے چیٹ جی پی ٹی نے ایڈوانسڈ پلیسمنٹ بائیولوجی (اے پی بائیو) کے امتحان میں سب سے زیادہ ممکنہ اسکور حاصل کرتے دیکھا تھا۔
چیٹ جی پی ٹی کو مائیکرو سافٹ کی شراکت دار کمپنی اوپن اے آئی نے تیار کیا تھا۔
جس کے بعد بل گیٹس نے اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو سام آلٹمین کو چیلنج کیا تھا کہ وہ ایسا چیٹ بوٹ تیار کریں جو اے پی بائیو کے امتحان میں بہترین اسکور حاصل کرسکے۔
انہیں توقع تھی کہ ایسے چیٹ بوٹ کی تیاری میں کئی سال لگ جائیں گے۔
مگرچیٹ جی پی ٹی نے محض 2 ماہ میں اس ٹیسٹ میں مہارت حاصل کرلی اور انسانوں جیسی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
اب ایک سال بعد بل گیٹس کا کہنا ہے کہ وہ اب بھی اس ٹیکنالوجی مظاہرے کے بارے میں سوچتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 'میں اب بھی اس مظاہرے پر دنگ ہوں، وہ واقعی بہت زبردست تھا'۔
یہ پہلا موقع نہیں جب بل گیٹس نے اے آئی ٹیکنالوجی کو سراہا ہے۔
حالیہ مہینوں میں انہوں نے اس ٹیکنالوجی کے حوالے سے کافی بیانات جاری کیے ہیں۔
جولائی 2023 میں ایک بلاگ پوسٹ میں انہوں نے کہا تھا کہ اے آئی پر مبنی ماڈلز چیٹ جی پی ٹی ٹیکنالوجی کی دنیا میں پرسنل کمپیوٹر کے بعد اب تک کی سب سے اہم ترین پیشرفت ہے اور اس سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے۔
بل گیٹس نے کہا کہ اے آئی ٹیکنالوجی سے مختلف مسائل جیسے ڈیپ فیک تصاویر یا ویڈیوز، اسکولوں میں نقل اور متعصب الگورتھمز ضرور ابھرے ہیں، مگر ان کی روک تھام ممکن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب تک اے آئی ٹیکنالوجی کے خطرات کے بارے میں کافی کچھ لکھا گیا ہے، مگر کسی کے پاس تمام جوابات نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 'ایک چیز میری نظر میں واضح ہے کہ اے آئی کا مستقبل اتنا برا نہیں جتنا کچھ لوگوں کا خیال ہے اور نہ ہی اتنا بہترین ہے جیسا کچھ لوگوں کو لگتا ہے'۔
بل گیٹس نے اے آئی ٹیکنالوجی کے ساتھ ابھرنے والے چیلنجز پر تشویش ظاہر کی، مگر ان کا کہنا تھا کہ لوگ ڈیپ فیک مواد کو وقت کے ساتھ بہتر شناخت کرنے لگے گے۔
اسی طرح مئی 2023 میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اے آئی ٹیکنالوجی کا ارتقا موجودہ رفتار سے جاری رہا تو مستقبل قریب میں گوگل سرچ اور ایمازون جیسی سروسز ماضی کا قصہ بن جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایک نیا اے آئی ٹول انسانی سوچ کے انداز، ضروریات اور احساسات کو سمجھنے کے قابل ہو گیا تو اس سے انسانی رویے تبدیل ہو جائیں گے۔
بل گیٹس نے کہا کہ 'آپ پھر کبھی سرچ سائٹ پر نہیں جائیں گے، آپ کبھی ایمازون کا رخ نہیں کریں گے'۔
انہوں نے یہ بھی انتباہ کیا کہ مستقبل میں اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس روبوٹس لوگوں کو ملازمتوں سے محروم کر سکتے ہیں۔