06 جنوری ، 2013
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے حکومت پنجاب کی جانب سے تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کو ہراساں کرنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس عمل کوغیرجمہوری اور غیرآئینی قراردیا ہے۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا ہے کہ استحصالی قوتیں ،عوامی لانگ مارچ سے شدید خوف کا شکار ہیں اورعوام میں شعور بیدار کرنے کے عمل سے پنجاب کے حکمرانوں کی راتوں کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ سرکاری وسائل استعمال کرکے اسٹیٹس کو، کے خاتمہ کی جدوجہد کرنے والے کارکنان وعوام کو ہراساں کرنے کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں۔ الطاف حسین نے پنجاب کے حکمرانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ وہ فرسودہ نظام کے خاتمہ کیلئے جمہوری اورآئینی جدوجہد کرنے والے کارکنوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کردیں اور یاد رکھیں کہ پاکستان کے فرسودہ جاگیردارانہ اوروڈیرانہ نظام اور موروثی سیاست کے دن گنے جاچکے ہیں اور انشاء اللہ 14 جنوری کاعوامی مارچ ظالم وجابرجاگیرداروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں کی مفاد پرستانہ سیاست کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔