24 اگست ، 2023
ایپل نے اپنے صارفین کو آئی فون چارج کرتے وقت کچھ احتیاطی تدابیر اپنانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہےکہ سوتے وقت آئی فون کو چارجنگ پر نہ لگائیں یا جب چارجنگ پر لگا ہو تو اس کے قریب نہ سوئیں۔
کمپنی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جس وقت آئی فون چارج ہورہا ہو اس وقت اس کے قریب نہ جایا جائے، عموماً یہ اس وقت ہوتا ہے جب آپ سورہے ہوتے ہیں یا اپنے بستر پر لیٹے ہوتے ہیں۔
غیر ملکی رپورٹ کے مطابق ایپل کی جانب سے یہ ہدایات جاری کی گئی ہیں کیونکہ گزشتہ دنوں دنیا بھر سے ایسے واقعات سامنے آئے جس میں آئی فون کی چارجنگ کے دوران آگ لگ گئی یا آئی فون کی بیٹری چارجنگ کے دوران پھٹ گئی۔
یہ سب ان باتوں پر منحصر ہے کہ آپ اپنا فون کیسے اور کس وقت استعمال کررہے ہیں۔
بہت سے لوگ سوتے وقت اپنے فون کو چارج کرنا پسند کرتے ہیں لیکن ایپل کا کہنا ہے کہ ایسا کرنا خطرناک ہوسکتا ہے جس سے جان لیوا واقعات رونما ہوسکتے ہیں، کمپنی کا کہنا ہے کہ اگر آپ سورہے ہیں اور فون ساتھ ہی چارجنگ پر لگا ہے تو اس سے آپ کو کرنٹ لگ سکتا ہے، آپ زخمی ہوسکتے ہیں یا آپ کے سامان کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
سوتے وقت فون چارج کرنے کا خطرہ ہر کسی کے لیے واضح ہے، لیکن زیادہ تر لوگ ڈیوائس کو نائٹ اسٹینڈ پر رکھنے کے بجائے اپنے سر کے پاس یا تکیے کے نیچے رکھنا پسند کرتے ہیں۔
آئی فون کو کیسے چارج کرنا چاہیے؟ کمپنی نے اس حوالے سے ہدایات بھی جاری کی ہیں
کمپنی کا کہنا ہے کہ آئی فون صارفین اکثر یہ غلطی کرتے ہیں کہ چارجر اوریجنل استعمال نہیں کرتے، آئی فون کے لیے اوریجنل ایپل کے چارجر ہی استعمال کیے جائیں اور صارفین دیگر کمپنی کے چارجرز استعمال کرنے سے گریز کریں کیونکہ وہ آئی فونز کو چارج کرنے کے لیے محفوظ طریقے سے وولٹیج کی صحیح مقدار فراہم نہیں کر سکتے۔
لوگوں کو ہدایت بھی کی گئی ہے کہ وہ خراب شدہ کیبلز یا کسی ایسی کیبل کے استعمال سے گریز کریں جو خراب حالت میں ہو، ایسی کیبل کو چارجنگ کے لیے استعمال کرنا خطرناک بھی ہو سکتا ہے۔
اس کے علاوہ صارفین کوشش کریں کہ دن کے وقت آئی فون چارج کریں۔