06 جنوری ، 2013
اسلام آباد…پاکستان کے قبائلی علاقوں میں ہونے والے ڈرون حملوں میں سال 2012 میں 41 فیصد کمی رکارڈ کی گئی، ملک میں ہونے والے خود کش حملے بھی 29 فیصد کم ہوئے،تاہم کراچی میں دہشت گرد کارروائیوں میں گزشتہ سال کی نسبت دو سو فیصد سے زیادہ کا اضافہ سامنے آیا۔غیر سرکاری تنظیم پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پیس اسٹڈیز کی تازہ رپورٹ کے مطابق سال دو ہزار بارہ میں قبائلی علاقہ جات میں امریکی ڈرون حملے سال دوہزار گیارہ میں 75 کے مقابلے میں پینتالیس کیے گئے جن میں تین سو چھتیس افراد لقمہ اجل بنے۔رپورٹ کے مطابق ملک میں خودکش حملو ں کی شرح میں انتیس فیصد کمی جبکہ فرقہ وارانہ فسادات میں اٹھائیس فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔غیر سرکاری تنظیم کی رپورٹ کے مطابق ملک میں ٹارگٹ کلنگ کے 811 واقعات ریکارڈ ہوئے۔ سال 2012 میں بلوچستان دہشت گردی کی کاروائیوں کا مرکز رہا جہاں 475 پرتشدد کارروائیاں ریکارڈ کی گئیں خیبر پختونخواہ میں دہشت گردی کی 456 کارروائیاں رکارڈ کی گئیں۔دوہزار بارہ میں کراچی ملک کا سب سے زیادہ بد امن شہررہا جہاں دہشت گردی کی کارروائیوں میں دو سو بائیس فیصد اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا۔